2027 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کے حصول کے لیے شائقین کی غیر معمولی دلچسپی سامنے آئی ہے، جہاں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو اب تک تقریباً 14 کروڑ ٹکٹ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
ٹورنامنٹ کی ڈائریکٹر سارہ ایڈگر کے مطابق ٹکٹوں کی طلب توقعات سے کہیں زیادہ رہی ہے، جس نے ایونٹ کو دنیا کے بڑے اور قابلِ توجہ کھیلوں کے مقابلوں میں شامل کر دیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق ٹکٹوں کے لیے درخواستوں کی قرعہ اندازی کا مرحلہ ہفتے کے روز بند ہو جائے گا۔ 2027 کا ورلڈ کپ 2 اکتوبر سے 21 نومبر تک جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا۔
سارہ ایڈگر نے خبر رساں ادارے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 24 سال بعد کرکٹ کی افریقی براعظم میں واپسی نے دنیا بھر کے شائقین کی توجہ حاصل کی ہے۔ ان کے مطابق تقریباً 200 ممالک سے ٹکٹوں کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جو ایونٹ کی عالمی مقبولیت کا ثبوت ہے۔
پاکستان اور بھارت کے میچ کے لیے ریکارڈ دلچسپی
آئی سی سی نے رواں ماہ کے آغاز میں بتایا تھا کہ 10 اکتوبر کو جوہانسبرگ میں شیڈول پاکستان اور بھارت کے میچ کے لیے ہی 80 لاکھ ٹکٹ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے شائقین کی بڑی تعداد جنوب مشرقی ایشیا میں موجود ہے، تاہم دنیا کے مختلف خطوں سے بھی شائقین کی ایونٹ میں شرکت متوقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تین میزبان ممالک اپنی منفرد ثقافت، شناخت اور مقامی شائقین کے جوش و جذبے کے ذریعے ورلڈ کپ کو ایک خاص رنگ دیں گے۔
12 مقامات پر تیاریوں کا جائزہ
سارہ ایڈگر نے حال ہی میں ٹورنامنٹ کے تمام 12 مجوزہ مقامات کا معائنہ کیا۔ ان کے مطابق مختلف اسٹیڈیمز میں تیاریوں کا کام مختلف مراحل میں ہے۔ بعض مقامات پر معمولی اپ گریڈیشن درکار ہے، جبکہ کچھ اسٹیڈیمز نئے سرے سے تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
ان میں وکٹوریہ فالز کا اسٹیڈیم بھی شامل ہے، جسے ورلڈ کپ کے لیے ابتدا سے تعمیر کیا گیا ہے۔ نمیبیا کے دارالحکومت ونڈہوک میں بھی کرکٹ ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے اسٹیڈیم تیار کیا گیا ہے۔
ایڈگر نے کہا کہ آئی سی سی تمام 12 مقامات پر پیش رفت کی نگرانی کر رہی ہے اور اسٹیڈیمز کو ایونٹ کے لیے مکمل طور پر تیار کرنے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔
14 ٹیمیں، 57 میچز
2027 کا کرکٹ ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کا 14واں ایڈیشن ہوگا، جس میں 14 ٹیمیں مجموعی طور پر 57 میچز کھیلیں گی۔
یہ 2003 کے بعد پہلی مرتبہ ہوگا کہ کرکٹ ورلڈ کپ افریقی سرزمین پر منعقد کیا جائے گا۔ 2003 کے ایڈیشن کے میچز جنوبی افریقہ، زمبابوے اور کینیا میں کھیلے گئے تھے۔
ماخذ: رائٹرز | 18 نومبر 2026
Leave a comment