Home Cricket راولپنڈی ٹیسٹ: سری لنکا کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 153 رنز درکار، 7 وکٹیں باقی
Cricket

راولپنڈی ٹیسٹ: سری لنکا کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 153 رنز درکار، 7 وکٹیں باقی

Share
Share

راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 153 رنز درکار ہیں، جبکہ اس کی سات وکٹیں باقی ہیں۔

دوسرے روز خراب روشنی کے باعث کھیل ختم ہونے تک سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 74 رنز بنا لیے تھے۔ دھننجیا ڈی سلوا 24 اور پاسندو سوریا بندارا 18 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

سری لنکا کے آؤٹ ہونے والے بیٹرز میں کامندو مینڈس 16، لاہیرو اڈارا 7 اور دنیش چندیمل شامل ہیں، جو کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹے۔

پاکستان کی جانب سے ثاقب خان، رضا اللہ اور عامر جمال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کو 227 رنز کی برتری

اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کے پہلی اننگز کے 98 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 325 رنز بنائے اور 227 رنز کی اہم برتری حاصل کی۔

پاکستان نے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز کا آغاز 121 رنز پر تین وکٹوں کے نقصان سے کیا، تاہم گزشتہ روز کے ناٹ آؤٹ بیٹر اذان اویس اپنے اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر آؤٹ ہوگئے۔

سعود شکیل نے نائٹ واچ مین ثاقب خان کے ساتھ 57 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم وہ 24 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ ثاقب خان نے 37 جبکہ سلمان علی آغا نے 21 رنز بنائے۔ عامر جمال 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بعد ازاں غازی غوری نے 54 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور رضا اللہ کے ساتھ 56 رنز کی شراکت قائم کی۔ رضا اللہ 42 رنز بنا کر پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے بیٹر رہے، جبکہ محمد عباس 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہیرو کمارا کی پانچ وکٹیں

سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر میں دوسری مرتبہ پانچ وکٹیں لینے کا اعزاز ہے۔ اسیتھا فرنانڈو نے تین جبکہ پرباتھ جے سوریا اور ملن رتھنائیکے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلی اننگز میں سری لنکا 98 رنز پر ڈھیر

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا، جو پاکستانی بولرز نے درست ثابت کر دکھایا۔ شاندار لائن اور لینتھ کے ساتھ بولنگ کرتے ہوئے سری لنکا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 98 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

یہ راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچز میں کسی بھی ٹیم کا کم ترین اسکور ہے، جبکہ پاکستان کے خلاف سری لنکا کا یہ چوتھا کم ترین ٹیسٹ اسکور بھی ہے۔

سری لنکا کی جانب سے کپتان کوشل مینڈس 32 اور سونل دینوشا 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دیگر بیٹرز میں لاہیرو اڈارا 4، پاسندو سوریا بندارا 2، دنیش چندیمل 7، کامندو مینڈس 8 اور دھننجیا ڈی سلوا ایک رن بنا سکے۔ ملن رتھنائیکے اور لاہیرو کمارا صفر پر آؤٹ ہوئے، جبکہ پرباتھ جے سوریا نے 3 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے تین، تین جبکہ ثاقب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

Share

Leave a comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *