ڈبلیو ڈبلیو ای کے معروف سپر اسٹار اور ہالی ووڈ اداکار ڈوین جانسن، المعروف ’دی راک‘، نے ریسلنگ رنگ میں واپسی کا اعلان کردیا ہے۔ وہ 28 نومبر 2026 کو امریکی شہر ہیوسٹن، ٹیکساس میں منعقد ہونے والے ایونٹ سروائیور سیریز میں شرکت کریں گے۔
دی راک نے پیٹ میکافی شو میں گفتگو کے دوران اپنی واپسی کی تصدیق کی۔ یہ تقریباً دو سال بعد ڈبلیو ڈبلیو ای میں ان کی پہلی پیشی ہوگی۔
رواں سال سروائیور سیریز اس حوالے سے بھی خاص اہمیت رکھتی ہے کہ 1996 میں ڈبلیو ڈبلیو ای میں دی راک کے ڈیبیو کو 30 سال مکمل ہو جائیں گے۔ انہوں نے ابتدا میں ’راکی مائیویا‘ کے نام سے ریسلنگ کی دنیا میں قدم رکھا تھا، تاہم بعد میں ’دی راک‘ کے نام سے عالمی شہرت حاصل کی۔
واپسی پر کردار تاحال واضح نہیں
سروائیور سیریز میں دی راک کا کردار کیا ہوگا، اس حوالے سے ابھی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ تاہم بلڈ لائن کے ساتھ ان کے سابقہ تعلقات کی وجہ سے شائقین کی دلچسپی بڑھ گئی ہے، خصوصاً اس ایونٹ میں بلڈ لائن کا وار گیمز مقابلہ بھی شیڈول ہے۔
دی راک آخری مرتبہ 2025 کے ایلیمینیشن چیمبر ایونٹ میں ڈبلیو ڈبلیو ای پروگرامنگ میں نظر آئے تھے، جہاں انہوں نے جان سینا کی منفی کردار میں تبدیلی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
ان کی واپسی کے اعلان نے ڈبلیو ڈبلیو ای شائقین میں ایک بار پھر جوش و خروش پیدا کردیا ہے۔
Leave a comment