Home Boxing ماریہ بی بی نے 5000 میٹر کا قومی ریکارڈ توڑ دیا، واپڈا نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن
Boxing

ماریہ بی بی نے 5000 میٹر کا قومی ریکارڈ توڑ دیا، واپڈا نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن

Share
Share

کراچی: واپڈا کی ماریہ بی بی نے 54ویں نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے آخری روز خواتین کی 5000 میٹر دوڑ میں نیا قومی ریکارڈ قائم کردیا، جبکہ واپڈا نے مجموعی طور پر 27 گولڈ میڈلز جیت کر چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

این ای ڈی یونیورسٹی کے ٹارٹن ٹریک پر ہونے والی چیمپئن شپ میں ماریہ بی بی نے 5000 میٹر کا فاصلہ 19 منٹ 2 سیکنڈ میں طے کیا اور 2012 میں رابعہ عاشق کا قائم کردہ 19 منٹ 4.05 سیکنڈ کا قومی ریکارڈ توڑ دیا۔

واپڈا ہی کی نازیہ احسان نے 19 منٹ 49.50 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ سلور میڈل جیت کر دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی گوناش بتول نے 20 منٹ 10.80 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے برانز میڈل اپنے نام کیا۔

شجر عباس کی گولڈ میڈلز کی ہیٹ ٹرک

واپڈا کے نامور ایتھلیٹ شجر عباس نے مردوں کی 200 میٹر دوڑ میں 20.75 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ گولڈ میڈل جیت کر ایونٹ میں گولڈ میڈلز کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔ اس سے قبل وہ 100 میٹر اور مکسڈ 4×100 میٹر ریلے میں بھی سونے کے تمغے جیت چکے تھے۔

خیبر پختونخوا کے عطااللہ نے 20.90 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ سلور میڈل حاصل کیا، جبکہ ایچ ای سی کے حسیب احمد 21.40 سیکنڈ میں دوڑ مکمل کرکے تیسرے نمبر پر رہے۔

واپڈا نے مجموعی ٹائٹل اپنے نام کرلیا

چیمپئن شپ میں واپڈا نے مجموعی طور پر 27 گولڈ میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ مردوں کے مقابلوں میں واپڈا نے 17 گولڈ، 5 سلور اور 5 برانز میڈلز جیتے۔

پاکستان نیوی 5 گولڈ، 6 سلور اور 4 برانز میڈلز کے ساتھ دوسرے، جبکہ ایچ ای سی 2 گولڈ، 4 سلور اور 7 برانز میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔

خواتین کے مقابلوں میں بھی واپڈا کا پلڑا بھاری رہا۔ ٹیم نے 10 گولڈ، 11 سلور اور 6 برانز میڈلز حاصل کیے۔ ایچ ای سی 6 گولڈ، 7 سلور اور 9 برانز میڈلز کے ساتھ دوسرے جبکہ سندھ ایک گولڈ، 2 سلور اور 3 برانز میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

پاکستان نیوی کی امت الرحمٰن نے چیمپئن شپ میں 4 گولڈ میڈلز جیتے، جبکہ واپڈا کے شجر عباس اور فائیکہ ریاض نے تین، تین گولڈ میڈلز اپنے نام کیے۔ فائیکہ ریاض نے خواتین کی 100 میٹر دوڑ اور دونوں 4×100 میٹر ریلے مقابلوں میں سونے کے تمغے حاصل کیے۔

دیگر نمایاں نتائج

خواتین کی 200 میٹر دوڑ میں ایچ ای سی کی خولہ عمر خان نے 24.80 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا۔ سندھ کی اقرا ریاض نے 25.05 سیکنڈ میں دوڑ مکمل کرکے سلور جبکہ واپڈا کی ملائکہ شہزادی نے 26 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ برانز میڈل حاصل کیا۔

مردوں کی 800 میٹر دوڑ میں واپڈا کے شاہسوار نے ایک منٹ 52.01 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پنجاب کے مقصود دوسرے اور ایچ ای سی کے اسامہ حسن تیسرے نمبر پر رہے۔

خواتین کے ہیمر تھرو مقابلے میں واپڈا کی عظمٰی اعظم نے 41.82 میٹر کی تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا۔ ایچ ای سی کی ملیحہ سلیم اور خدیجہ مہرین نے بالترتیب سلور اور برانز میڈلز حاصل کیے۔

مردوں کی 4×100 میٹر ریلے میں پاکستان نیوی نے 42 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا، جبکہ ایچ ای سی دوسرے اور پنجاب تیسرے نمبر پر رہا۔ خواتین کی 4×100 میٹر ریلے میں واپڈا کی فائیکہ، انیقہ، ملہان اور ملائکہ نے 48.63 سیکنڈ میں ریس مکمل کرکے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

مردوں کی 4×400 میٹر ریلے میں واپڈا نے 3 منٹ 15.90 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا۔ پاکستان نیوی اور پنجاب نے 3 منٹ 20.50 سیکنڈ کے یکساں وقت کے ساتھ مشترکہ سلور میڈلز جیتے، جبکہ اس ایونٹ میں برانز میڈل نہیں دیا گیا۔

مردوں کے ٹرپل جمپ میں واپڈا کے عثمان ظفر نے 15.39 میٹر کی چھلانگ لگا کر گولڈ میڈل جیتا۔ پاکستان نیوی کے انصار عباس دوسرے اور پنجاب کے محمد عرفان تیسرے نمبر پر رہے۔

مردوں کے ہیمر تھرو میں واپڈا کے داؤد نے 52.45 میٹر کی تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا، جبکہ ان کے ساتھی اظہر عباس دوسرے نمبر پر رہے۔ ایچ ای سی کے دانیال حیدر نے برانز میڈل جیتا۔

خواتین کے پول والٹ میں واپڈا کی آمنہ نے 2.85 میٹر کی چھلانگ کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ واپڈا ہی کی ساجدہ بی بی دوسرے جبکہ ایچ ای سی کی مدیحہ تیسرے نمبر پر رہیں۔

مردوں کے ہائی جمپ میں پاکستان نیوی کے عثمان غنی نے 1.96 میٹر کی چھلانگ لگا کر گولڈ میڈل جیتا۔ واپڈا کے علی اشرف اور احمد نے 1.93 میٹر کی یکساں بلندی عبور کی، جس کے بعد جیوری نے زاویے کے فرق کی بنیاد پر ان کی دوسری اور تیسری پوزیشن کا فیصلہ کیا۔

چیمپئن شپ کے آخری روز واپڈا کے سہیل امیر نے مردوں کی 5000 میٹر دوڑ میں 15 منٹ 16.20 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ گولڈ میڈل جیت کر ٹیم کی کامیابیوں میں مزید اضافہ کیا۔ پنجاب کے محمد زین دوسرے اور پاکستان نیوی کے علی حسن تیسرے نمبر پر رہے۔

ماریہ بی بی کا قومی ریکارڈ اور واپڈا کے 27 گولڈ میڈلز چیمپئن شپ کے نمایاں ترین کارنامے رہے۔

Share

Leave a comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *