پرتگالی فٹبال اسٹار ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر بھی کام کریں گے، برطانوی اداکار ڈیمین لیوس فٹبال ایجنٹ اسٹینلے ڈالٹن کا کردار نبھائیں گے
پرتگال: عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے کیریئر کو کھیلوں سے آگے بڑھاتے ہوئے ٹیلی ویژن کی دنیا میں قدم رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جہاں ان کی پہلی اسکرپٹڈ ڈرامہ سیریز ’Day 1s‘ کی پروڈکشن شروع ہو گئی ہے۔
رونالڈو نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس پیش رفت کی تصدیق کی اور اشارہ دیا کہ منصوبے سے متعلق مزید تفصیلات جلد سامنے لائی جائیں گی۔
فٹبال کی دنیا کے پس منظر میں بننے والی اس ڈرامہ سیریز کی کہانی ایک بڑی فٹبال ایجنسی کے اندرونی معاملات کے گرد گھومے گی۔ اس میں کاروباری سرگرمیوں، کھلاڑیوں کے معاہدوں پر مذاکرات، طاقت کی کشمکش اور ذاتی تعلقات جیسے موضوعات کو اجاگر کیا جائے گا۔
معروف فنکار بھی سیریز کا حصہ
برطانوی اداکار ڈیمین لیوس سیریز میں فٹبال ایجنٹ اسٹینلے ڈالٹن کا کردار ادا کریں گے، جبکہ سابق فرانسیسی فٹبالر تھیری ہنری اور برطانوی ریپر ڈیو کا نام بھی اس منصوبے سے منسلک ہے۔ اطلاعات کے مطابق تھیری ہنری مختصر کردار میں نظر آئیں گے۔
کرسٹیانو رونالڈو اس سیریز میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کی ذمہ داریاں بھی انجام دیں گے۔ اس کے ساتھ ہی وہ اسکرپٹڈ ٹیلی ویژن پروڈکشن میں اداکاری کا آغاز بھی کر سکتے ہیں۔
یہ سیریز 2025 میں رونالڈو اور برطانوی فلم ساز میتھیو وان کی جانب سے قائم کردہ پروڈکشن کمپنی کے تحت تیار کی جا رہی ہے۔
رونالڈو کی اس نئی پیش رفت کو ان کے کھیلوں سے آگے بڑھتے ہوئے تفریحی اور فلمی شعبے میں قدم رکھنے کی اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
Leave a comment