راولپنڈی | وی سپورٹس
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ملکی ون ڈے سیریز کا اہم مقابلہ آج (منگل) راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں جنوبی افریقہ میں ہونے والے آئندہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل اپنی تیاریوں کو مضبوط بنانے اور ون ڈے فارمیٹ میں بہتر کمبی نیشن تشکیل دینے کے لیے کوشاں ہیں۔
پاکستان نے سیریز کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے کر اعتماد حاصل کیا، جبکہ انگلینڈ حال ہی میں سری لنکا کے خلاف اپنی ہوم ون ڈے سیریز 1-2 سے جیت کر پاکستان پہنچا ہے۔
سلمان علی آغا کی سنچری پاکستان کے لیے اہم پیش رفت
سری لنکا کے خلاف پہلے میچ میں پاکستان کی بیٹنگ کا آغاز اچھا نہ رہا اور فخر زمان اور صائم ایوب جلد آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد بابر اعظم اور ڈیبیو کرنے والے سعد بیگ نے اننگز کو سنبھالا، جبکہ سلمان علی آغا نے شاندار سنچری اسکور کرکے ٹیم کو مضبوط مجموعے تک پہنچایا۔
سلمان علی آغا نے 90 گیندوں پر 107 رنز بنائے، جس میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ پاکستان نے 305 رنز کا مجموعہ حاصل کیا، تاہم آخری اوورز میں وکٹیں گرنے کے باعث ٹیم مزید رنز بنانے میں کامیاب نہ ہوسکی۔
جواب میں پاکستانی بولرز نے اہم مواقع پر وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا کی جانب سے پون رتھنائیکے نے 79 اور جنتھ لیانگے نے 60 رنز بنائے، لیکن پاکستان نے 37 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔
سلمان علی آغا کی فارم پر نظریں
سلمان علی آغا کی سنچری پاکستان کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے۔ حالیہ عرصے میں ٹی ٹوئنٹی کپتانی سے محرومی اور سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے منتخب نہ ہونے کے بعد ان کی اس اننگز نے ون ڈے ٹیم میں ان کے کردار کو مزید اہم بنا دیا ہے۔
پاکستانی ٹیم اس میچ میں بھی ان سے اچھی کارکردگی کی امید رکھے گی۔
ہیری بروک کی قیادت میں انگلینڈ کا چیلنج
انگلینڈ کی ٹیم کپتان ہیری بروک کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔ جو روٹ کا تجربہ مہمان ٹیم کے لیے اہم ہوگا، جبکہ جوس بٹلر کی عدم موجودگی میں جارڈن کاکس کو وکٹ کیپر بیٹر کی حیثیت سے اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع مل سکتا ہے۔
تجربہ کار لیگ اسپنر عادل رشید کی واپسی بھی انگلینڈ کے بولنگ اٹیک کو مضبوط بنائے گی۔
پاکستانی فاسٹ بولرز اہم کردار ادا کرسکتے ہیں
پاکستان کو شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف سے ابتدائی وکٹیں حاصل کرنے کی امید ہوگی۔ انگلینڈ کی جارحانہ بیٹنگ کے خلاف نئی گیند سے مؤثر بولنگ اور رنز کو محدود رکھنا میزبان ٹیم کے لیے اہم ہوگا۔
راولپنڈی کی پچ کو بیٹنگ کے لیے سازگار سمجھا جا رہا ہے، تاہم نئی گیند سے فاسٹ بولرز کو مدد ملنے کا امکان بھی موجود ہے۔ اوس کی صورتحال اور ٹاس کا فیصلہ بھی میچ کی حکمت عملی پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔
پاکستان کا اسکواڈ
شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، ابرار احمد، سلمان علی آغا، عرفات منہاس، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، حارث رؤف، حسن نواز، نسیم شاہ، رضااللہ، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، صائم ایوب، شاداب خان اور سفیان مقیم۔
انگلینڈ کا اسکواڈ
ہیری بروک (کپتان)، گس اٹکنسن، سونی بیکر، ٹام بینٹن، جیمز کولز، جارڈن کاکس، میسن کرین، ہنری کروکومب، سیم کرن، لیام ڈاسن، بین ڈکٹ، ول جیکس، جیمی اوورٹن، عادل رشید، جو روٹ اور جوش ٹنگ۔
پاکستان اور انگلینڈ دونوں کے لیے یہ مقابلہ ورلڈ کپ سے قبل اپنی حکمت عملی آزمانے، کھلاڑیوں کی فارم جانچنے اور ٹیم کے کمبی نیشن کو بہتر بنانے کا اہم موقع ہوگا۔
Leave a comment