آذربائیجان: فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026ء میں پاکستان انڈر 15 فٹ بال ٹیم کو اپنے افتتاحی میچ میں گیمبیا کے ہاتھوں 4-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان نے تاریخی ڈیبیو میچ میں ابتدائی طور پر دو گول کی برتری حاصل کی، تاہم گیمبیا نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے مقابلہ اپنے نام کرلیا۔
پاکستان کا جارحانہ آغاز، دو گول کی برتری
پاکستان نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور پانچویں منٹ میں امیر حمزہ نے شاندار گول کرکے ٹیم کو برتری دلادی۔ انہوں نے گیمبیا کے دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دیتے ہوئے آگے بڑھ کر طاقتور شاٹ لگایا، جس پر گیند جال میں جا پہنچی۔
پاکستان کے دوسرے گول میں بھی امیر حمزہ نے اہم کردار ادا کیا۔ ان کے کامیاب ٹیکل کے بعد گیند باکسی حمل خان تک پہنچی، جنہوں نے بائیں جانب سے پیش قدمی کرتے ہوئے شاندار شاٹ کے ذریعے گیند کو گول کے اوپری کونے میں پہنچا دیا۔ اس طرح پاکستان نے مقابلے میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔
تاہم گیمبیا نے پہلے ہاف کے اختتام سے قبل ایک گول کرکے خسارہ کم کردیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر پاکستان کو 2-1 کی برتری حاصل تھی۔
دوسرے ہاف میں گیمبیا کی شاندار واپسی
دوسرے ہاف کے آغاز میں گیمبیا نے پاکستانی ٹیم پر دباؤ بڑھایا اور گول کیپر شیان کے ہاتھوں سے گیند نکل جانے کے بعد اسکور 2-2 سے برابر کردیا۔
پاکستان نے دوبارہ برتری حاصل کرنے کی کوشش کی۔ کلیم اللہ نے حریف گول پر تین سے زائد مرتبہ شاٹس لگائے، لیکن گیمبیا کے گول کیپر نے عمدہ دفاع کرتے ہوئے ان کی کوششیں ناکام بنادیں۔
پاکستانی ٹیم کی جانب سے تیسرا گول کرنے کی کوششوں کے دوران گیمبیا نے تیز جوابی حملہ کیا اور گیند کو جال میں پہنچا کر پہلی مرتبہ میچ میں برتری حاصل کرلی۔
گیمبیا نے اس کے بعد ایک اور شاندار گول اسکور کیا۔ حریف کھلاڑی نے گیند کو گول کے اوپری کونے میں پہنچا کر اسکور 4-2 کردیا۔
پاکستان دو گول کی برتری برقرار نہ رکھ سکا
پاکستان انڈر 15 ٹیم ابتدائی برتری کو کامیابی میں تبدیل نہ کرسکی اور دوسرے ہاف میں تین گول کھانے کے بعد اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کے لیے یہ ٹورنامنٹ میں تاریخی ڈیبیو تھا۔ اگرچہ ٹیم نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، لیکن گیمبیا کی دوسرے ہاف میں بہتر کارکردگی نے میچ کا نتیجہ بدل دیا۔
Leave a comment