لاہور: 6 نومبر 2026
دسویں شیہریار ملک میموریل پاکستان اوپن ٹینس چیمپئن شپ کے مینز سنگلز فائنل میں برکت اللہ اور محمد شعیب نے جگہ بنا لی، جبکہ لیڈیز سنگلز میں اُشنا سہیل اور مہک کھوکھر نے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں واقع اسپورٹس بورڈ پنجاب ٹینس اکیڈمی میں کھیلے گئے مینز سنگلز سیمی فائنلز میں برکت اللہ نے مدثر مرتضیٰ کو سخت مقابلے کے بعد 7-6، 7-6 سے شکست دی۔ دوسرے سیمی فائنل میں محمد شعیب نے یوسف خلیل کو 6-3 اور 6-4 سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی۔
لیڈیز سنگلز میں اُشنا اور مہک کامیاب
خواتین کے سنگلز سیمی فائنلز میں اُشنا سہیل نے عیشہ جواد کو یکطرفہ مقابلے میں 6-2، 6-2 سے شکست دی، جبکہ مہک کھوکھر نے بسمال ضیا کو 6-4 اور 6-0 سے ہرا کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔
باپ بیٹے کی جوڑی نے تاریخ رقم کردی
چیمپئن شپ میں پاکستان ٹینس کے لیے ایک منفرد لمحہ اس وقت سامنے آیا جب طلحہ وحید اور ان کے بیٹے ابوبکر طلحہ نے مینز ڈبلز کے فائنل میں جگہ بنا لی۔
باپ بیٹے کی اس جوڑی نے سنسنی خیز مقابلے میں محمد شعیب اور مدثر مرتضیٰ کو 7-6، 6-7 اور 11-9 سے شکست دی۔ یہ میچ فیصلہ کن میچ ٹائی بریک تک پہنچا۔
دوسرے ڈبلز سیمی فائنل میں برکت اللہ اور یوسف خلیل نے حذیفہ خان اور طلحہ خان کو 6-1، 6-0 سے ہرا دیا۔
جونیئرز اور سینئرز مقابلوں کے نتائج
گرلز انڈر 12 کوارٹر فائنلز میں ایمان شہباز نے زارا ادریس کو 4-0، 4-1 سے شکست دی، جبکہ شاہرین عمر اور شاہنور عمر نے بھی اپنے مقابلے جیت کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔
لیڈیز ڈبلز کوارٹر فائنلز میں فجر فیاض اور عیشہ ربی نے ثانیہ زہرا اور اقصیٰ اکرم کو 6-1، 6-4 سے ہرایا، جبکہ بسمال ضیا اور خدیجہ خلیل نے عائشہ شاہد اور عنایہ بیگ کو 6-0، 6-0 سے شکست دی۔
سینئرز کے 55 پلس ڈبلز سیمی فائنل میں سلیم اور شہداب نے احسن رزاق اور کرنل وقار کو 7-5، 6-0 سے ہرایا۔ 60 پلس ڈبلز میں سلیم اور ڈاکٹر مشتاق نے وقار نثار اور انعام الحق کو 7-5، 6-3 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
چیمپئن شپ میں مختلف عمر کے کھلاڑیوں کی شرکت اور باپ بیٹے کی جوڑی کی فائنل تک رسائی نے ٹورنامنٹ کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔
Leave a comment