تبلیسی: 6 نومبر 2026
پاکستان کی مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر مالیحہ علی نے جارجیا کے شہر تبلیسی میں منعقدہ IMMAF ورلڈ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔ وہ ایونٹ کے فیدر ویٹ (65.8 کلوگرام) سیمی فائنل تک پہنچیں، جہاں انہیں روس کی سابق عالمی چیمپئن پولینا بالدینا کے خلاف اسپلٹ فیصلے پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
مالیحہ نے اپنی مہم کے دوران روس کی دو مرتبہ یورپی چیمپئن رہنے والی ویرونیکا ڈروزدووا کو اسپلٹ فیصلے پر شکست دی، جبکہ کوارٹر فائنل میں میکسیکو کی آندریا گیبریلا گزمین سالازار کو متفقہ فیصلے سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
انجری کے باوجود مقابلوں میں شرکت
مالیحہ نے کئی انجریز کے باوجود مقابلوں میں حصہ لیا۔ رپورٹس کے مطابق انہیں پاؤں کی انگلی میں فریکچر، آنکھ کے گرد شدید چوٹ اور جبڑے کے جزوی طور پر اپنی جگہ سے ہٹنے کا سامنا تھا۔
سیمی فائنل میں روس کی پولینا بالدینا کے خلاف مقابلہ انتہائی سخت رہا۔ تینوں ججز کے اسکور کارڈ مختلف تھے، جن میں ایک جج نے 30-27 سے بالدینا، دوسرے نے 29-28 سے مالیحہ اور تیسرے نے 29-28 سے روسی فائٹر کو فاتح قرار دیا۔
اس فیصلے کے بعد پاکستان MMA فیڈریشن نے باضابطہ اپیل دائر کرتے ہوئے ہر راؤنڈ کی اسکورنگ کی تفصیلات اور مقابلے کا تکنیکی جائزہ لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
دس ماہ کی تربیت سے عالمی سطح تک سفر
مالیحہ علی کا تعلق ہنزہ، گلگت بلتستان سے ہے۔ انہوں نے لاہور کے BRAVE Gym میں تقریباً دس ماہ قبل MMA کی باقاعدہ تربیت شروع کی تھی۔ اس مختصر عرصے میں عالمی چیمپئن شپ کے سیمی فائنل تک پہنچنا ان کے کھیل کے سفر کی نمایاں کامیابی ہے۔
وہ اس سے قبل ووشو میں بھی نمایاں کارکردگی دکھا چکی ہیں اور قومی سطح پر کک باکسنگ کا طلائی تمغہ بھی جیت چکی ہیں۔ رواں سال انگولا میں ہونے والے IMMAF ورلڈ کپ میں انہوں نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔
مالیحہ نے اپنی کامیابی میں والدین کی دعاؤں، کوچز کی تربیت اور ساتھی کھلاڑیوں کے تعاون کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے اسپانسر ACTIVIT، اس کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر رضوان آفتاب احمد اور نیشنل ہسپتال کی طبی معاونت پر بھی شکریہ ادا کیا۔
مالیحہ کی عالمی سطح پر یہ کامیابی پاکستان میں خواتین کے مکسڈ مارشل آرٹس کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، جبکہ ان کا کانسی کا تمغہ ملکی کھیلوں کے لیے قابلِ فخر اعزاز ہے۔
Leave a comment