لاہور: 6 نومبر 2026
جے پی ایف ٹائمز پولو کپ 2026 میں ڈن/ایف جی اور اے او ایس نے شاندار فتوحات حاصل کرتے ہوئے بالترتیب مین اور سبسڈری فائنل میں جگہ بنا لی۔
جناح پولو فیلڈز میں کھیلے گئے چھ گول کے اس ٹورنامنٹ کے پہلے مقابلے میں ڈن/ایف جی نے ڈائمنڈ پینٹس/امپیریل کو 8-3 سے شکست دے کر مین فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
ڈن/ایف جی کی پانچ گول سے کامیابی
ڈن/ایف جی کی جانب سے راجہ تیمور ندیم اور احمد بلال ریاض نے تین، تین گول اسکور کیے، جبکہ امین الرحمٰن فضل اور ایان سلمان نے ایک، ایک گول کرکے ٹیم کی فتح میں حصہ ڈالا۔
ڈائمنڈ پینٹس/امپیریل کی جانب سے بلال حے نے دو جبکہ جلال ارسلان نے ایک گول کیا، تاہم ٹیم حریف کے حملوں کا مؤثر جواب دینے میں کامیاب نہ ہوسکی۔
اے او ایس نے 12 گول داغ دیے
دوسرے مقابلے میں اے او ایس نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے لوٹو کارپیٹس سنگاپور کو 5-12 سے شکست دی اور سبسڈری فائنل میں جگہ بنالی۔
اے او ایس کی جانب سے کرنل عمر منہاس نے چار گول کیے، جبکہ عبداللہ اعجاز اور حمزہ علی حکیم نے تین، تین گول اسکور کیے۔ میثم حیدر بلوچ نے بھی دو گول کرکے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
لوٹو کارپیٹس سنگاپور کی ٹیم پانچ گول کرنے میں کامیاب رہی، لیکن اے او ایس کے مسلسل حملوں کا مقابلہ نہ کرسکی۔
ٹورنامنٹ میں جمعے کو مزید دو اہم مقابلے شیڈول ہیں، جن کے ذریعے ٹیمیں اختتامی فائنلز سے قبل اپنی پوزیشن بہتر بنانے کی کوشش کریں گی۔
Leave a comment