اسلام آباد، 6 نومبر 2026
پاکستان کی مینز اسکواش ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 2026 کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ میزبان پاکستان نے مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں ہانگ کانگ چائنا کو 2-0 سے شکست دی۔
پاکستان کی جانب سے نور زمان اور محمد عاصم خان نے اپنے اپنے مقابلے جیت کر ٹیم کو فیصلہ کن مرحلے تک پہنچایا۔
سیمی فائنل کے پہلے میچ میں نور زمان نے ہانگ کانگ چائنا کے لاؤ تز کوان کو 5-11، 11-5، 11-5 اور 11-8 سے ہرایا۔
دوسرے مقابلے میں محمد عاصم خان نے وونگ چی ہیم کو 11-4، 6-11، 11-7 اور 11-3 سے شکست دے کر پاکستان کی فائنل میں رسائی یقینی بنا دی۔ دونوں کامیابیوں کے بعد تیسرا میچ کھیلنے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
جنوبی کوریا بھی فائنل میں پہنچ گیا
دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی کوریا نے دفاعی چیمپئن ملائیشیا کو 2-1 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ اس طرح اب ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ کے ٹائٹل کے لیے پاکستان اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
فائنل 7 نومبر کو سہ پہر 3 بجے مصحف اسکواش کمپلیکس کے گلاس کورٹ میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ہوم گراؤنڈ پر 16ویں ایشین ٹیم ٹائٹل کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔
ویمنز ٹیم کو ایران کے ہاتھوں شکست
ویمنز ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان کو ایران کے خلاف 1-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کی جانب سے ماہنور علی نے باران محمدپور کو ہرا کر ایک کامیابی حاصل کی، جبکہ ثنا بہادر اور حریش علی اپنے مقابلے ہار گئیں۔
دوسرے ویمنز سیمی فائنل میں ملائیشیا نے جنوبی کوریا کو 3-0 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
پاکستان ویمنز ٹیم 7 نومبر کو صبح 11 بجے جنوبی کوریا کے خلاف میدان میں اترے گی، جبکہ اسی وقت ہانگ کانگ چائنا اور ملائیشیا کی ٹیمیں بھی مدمقابل ہوں گی۔
پاکستانی کوچ فہیم گل ایشین کوچ آف دی ایئر قرار
چیمپئن شپ کے دوران مصحف اسکواش کمپلیکس میں ایشین اسکواش فیڈریشن کی ایوارڈ تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں فیڈریشن کے نائب صدر عادل جاسم الغریب نے ایوارڈ یافتگان میں اسناد تقسیم کیں۔
پاکستان کے کوچ فہیم گل کو 2025 کے لیے ایشین کوچ آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا، جبکہ ہانگ کانگ چائنا کے پیٹر جینوور بھی اس اعزاز کے مشترکہ حقدار قرار پائے۔
Leave a comment