سابق آسٹریلوی کرکٹر کا دعویٰ، ٹیم کے تمام کھلاڑی سینڈ پیپر منصوبے سے آگاہ تھے؛ کرکٹ آسٹریلیا نے اپنی سابقہ تحقیقات پر اطمینان کا اظہار کر دیا
کینبرا، 7 نومبر 2026
سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کے نئے انکشافات نے 2018 کے بدنام زمانہ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل ’’سینڈ پیپر گیٹ‘‘ کو ایک بار پھر موضوعِ بحث بنا دیا ہے۔ خواجہ نے اپنی خودنوشت سوانح عمری ’’صبر‘‘ میں دعویٰ کیا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم کے تمام کھلاڑی گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے منصوبے سے آگاہ تھے۔
عثمان خواجہ کے مطابق وہ طویل عرصے تک اس معاملے پر بات نہیں کرنا چاہتے تھے، تاہم اب آٹھ سال گزرنے کے بعد انہوں نے سچائی سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے کی ذمہ داری صرف چند کھلاڑیوں پر نہیں بلکہ پوری ٹیم پر عائد ہونی چاہیے تھی، کیونکہ یہ عمل ٹیم کی حیثیت سے کیا گیا تھا۔
خواجہ نے کہا کہ اس واقعے میں صرف تین کرکٹرز کو سزا دی گئی، جبکہ ان کے خیال میں معاملے پر مزید بات ہونی چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوران بال ٹیمپرنگ پر گفتگو ہوئی تھی اور پورٹ الزبتھ ٹیسٹ میں سینڈ پیپر کو گیند کے لیے مؤثر قرار دیا گیا تھا۔
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ سے پہلے بھی بال ٹیمپرنگ کا دعویٰ
عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں دعویٰ کیا ہے کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ سے قبل بھی بال ٹیمپرنگ کے واقعات پیش آتے رہے تھے۔ ان کے مطابق اسٹیو اسمتھ نے اس معاملے سے لاعلم رہنے کا فیصلہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان تیسرے ٹیسٹ کے دوران 24 مارچ 2018 کو کیپ ٹاؤن میں سینڈ پیپر کے ذریعے گیند کی حالت تبدیل کرنے کا واقعہ سامنے آیا تھا۔ اس اسکینڈل کے نتیجے میں ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ اور کیمرون بینکرافٹ کو پابندیوں اور سزاؤں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
کرکٹ آسٹریلیا کا ردعمل
رپورٹ کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کی تحقیقات کے دوران عثمان خواجہ کا بیان نہیں لیا گیا تھا، جبکہ پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور نیتھن لائن نے سینڈ پیپر کے استعمال سے لاعلمی ظاہر کی تھی۔
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہے کہ اس معاملے سے متعلق اب تک فراہم کی گئی تمام متعلقہ معلومات کا مناسب جائزہ لیا جا چکا ہے۔ بورڈ کے مطابق گزشتہ آٹھ برسوں میں اس واقعے کے بارے میں مختلف دعوے اور افواہیں سامنے آتی رہی ہیں، تاہم ادارہ اپنی انٹیگریٹی تحقیقات کے نتائج سے مطمئن ہے۔
خواجہ کے تازہ انکشافات نے 2018 کے واقعے میں ٹیم کی اجتماعی ذمہ داری اور تحقیقات کے دائرہ کار سے متعلق سوالات کو دوبارہ نمایاں کر دیا ہے۔
Leave a comment