61 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان کی شاندار واپسی، حمزہ ظہور نے 108 گیندوں پر ناقابلِ شکست 100 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی
المارات، عمان، 8 نومبر 2026
اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ کے گروپ اے کے سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو تین وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ وکٹ کیپر بیٹر حمزہ ظہور نے دباؤ میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست سنچری اسکور کی اور پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔
المارات کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بھارت کی جانب سے دیا گیا 209 رنز کا ہدف 48.1 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ حمزہ ظہور 108 گیندوں پر 100 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 10 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
مشکل صورتحال میں حمزہ ظہور کی ذمہ دارانہ اننگز
پاکستان کی ہدف کے تعاقب میں ابتدا اچھی نہ رہی اور بھارتی بولرز نے پاکستانی بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کرتے ہوئے صرف 61 رنز پر پانچ وکٹیں حاصل کر لیں۔
اس نازک مرحلے پر حمزہ ظہور اور حسن عباس در نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے 107 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی، جس نے پاکستان کو دوبارہ مقابلے میں واپس لے آیا۔
حسن عباس در نے 38 رنز کی قیمتی اننگز کھیلی، جبکہ دوسری جانب حمزہ نے وکٹ سنبھالے رکھی۔ انہوں نے ضرورت کے مطابق محتاط اور جارحانہ انداز اپناتے ہوئے پاکستان کو کامیابی کے قریب پہنچایا اور آخرکار 11 گیندیں باقی رہتے ہوئے ہدف مکمل کر لیا۔
بھارت کی جانب سے ارجن راجپوت کی سنچری رائیگاں
اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بولرز نے ابتدا ہی میں حریف ٹیم کو مشکلات سے دوچار کر دیا۔ بھارتی کپتان اور اوپنر لکشیا راجیش رائے چندانی دوسری گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، جبکہ بھارت کی تین وکٹیں صرف 22 رنز پر گر چکی تھیں۔
اس مشکل صورتحال میں ارجن راجپوت نے شاندار مزاحمت کرتے ہوئے 85 گیندوں پر 107 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 11 چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔ تاہم انہیں دوسرے اینڈ سے خاطر خواہ مدد نہ مل سکی اور پوری بھارتی ٹیم 46.3 اوورز میں 208 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے علی رضا، رضوان اللہ اور نقاب شفیق نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد صیام نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان گروپ اے میں سرفہرست
بھارت کے خلاف کامیابی کے بعد پاکستان نے گروپ اے میں دو میچز سے چار پوائنٹس حاصل کرکے پہلی پوزیشن برقرار کر لی ہے۔ قومی ٹیم اس سے قبل متحدہ عرب امارات کو نو وکٹوں سے شکست دے چکی ہے۔
بھارتی ٹیم دو میچز میں ایک فتح اور ایک شکست کے ساتھ دو پوائنٹس پر موجود ہے۔ دونوں ٹیموں کا گروپ مرحلے میں ایک، ایک میچ باقی ہے، جبکہ گروپ کی سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
Leave a comment