Home Squash ایشین اسکواش چیمپئن قومی کھلاڑیوں پر انعامات کی بارش، ہر کھلاڑی کو 10 لاکھ روپے مل گئے
Squash

ایشین اسکواش چیمپئن قومی کھلاڑیوں پر انعامات کی بارش، ہر کھلاڑی کو 10 لاکھ روپے مل گئے

Share
Share

رانا ثناء اللہ کی زیرِ صدارت تقریب میں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ جیتنے والے چار پاکستانی کھلاڑیوں میں مجموعی طور پر 40 لاکھ روپے کے نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔

پاکستان کی جانب سے 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 2026 میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے والے قومی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے صدر رانا ثناء اللہ خان نے کھلاڑیوں میں نقد انعامات تقسیم کیے۔

تقریب کے دوران نور زمان، محمد عاصم خان، ناصر اقبال اور اشعب عرفان کو فی کس 10 لاکھ روپے دیے گئے، یوں چاروں کھلاڑیوں میں مجموعی طور پر 40 لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کیے گئے۔

فائنل میں جنوبی کوریا کو شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کیا

پاکستان نے 3 سے 7 نومبر تک اسلام آباد کے مصحف اسکواش کمپلیکس میں منعقدہ 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردوں کا ٹیم ٹائٹل جیتا تھا۔

قومی ٹیم نے فائنل میں جنوبی کوریا کو 2-0 سے شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ نور زمان نے جنوبی کوریا کے جونگ من ریو کو 11-5، 11-7 اور 13-11 سے ہرایا، جبکہ محمد عاصم خان نے سیوجن اوہ کو 11-6، 11-5 اور 11-4 سے شکست دے کر پاکستان کی فتح یقینی بنائی۔

رانا ثناء اللہ کی کھلاڑیوں کو مبارکباد

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ خان نے کھلاڑیوں، کوچز اور ٹیم مینجمنٹ کو ایشین ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد دی اور اس کامیابی کو قومی فخر قرار دیا۔

انہوں نے قومی کھلاڑیوں کی محنت، نظم و ضبط اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرپرستی اور ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی یہ تاریخی کامیابی پاکستان میں اسکواش کی ترقی اور نوجوان نسل کو اس کھیل کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

تقریب میں وزارتِ بین الصوبائی رابطہ کے سیکریٹری محی الدین احمد وانی، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل یاور حسین اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل گروپ کیپٹن (ر) عامر نواز سمیت دیگر متعلقہ شخصیات نے بھی شرکت کی۔

محی الدین احمد وانی اور یاور حسین نے بھی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ کامیابی ملک میں اسکواش کے فروغ کے لیے نئی تحریک بنے گی۔

Share

Leave a comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *