کراچی بلیوز نے ملتان کو 275 رنز جبکہ سیالکوٹ بلیوز نے فیصل آباد کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی، دوسرے راؤنڈ کے دیگر دو گولڈ میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔
قائداعظم ٹرافی گولڈ 2026-27 کے دوسرے راؤنڈ میں کراچی بلیوز اور سیالکوٹ بلیوز نے کامیابیاں حاصل کرلیں، جبکہ لاہور وائٹس اور اسلام آباد کے ساتھ فاٹا اور پشاور بلیوز کے میچز ڈرا ہوگئے۔
کراچی بلیوز نے ملتان کو 275 رنز سے ہرادیا
اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کراچی بلیوز نے ملتان کو 275 رنز سے شکست دی۔
کراچی بلیوز نے اپنی دوسری اننگز 5 وکٹوں کے نقصان پر 407 رنز بنا کر ڈکلیئر کی۔ سیف اللہ بنگش 111 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ رمیز عزیز نے 170 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
ملتان نے پہلی اننگز میں 216 رنز بنائے تھے، تاہم دوسری اننگز میں پوری ٹیم 130 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور 406 رنز کے ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہی۔
کراچی کی جانب سے محمد رضا نے 42 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد نے 14 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
محمد حریرہ کی سنچری، سیالکوٹ بلیوز کی کامیابی
راولپنڈی کے شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم میں سیالکوٹ بلیوز نے فیصل آباد کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔
فیصل آباد نے دوسری اننگز میں 280 رنز بنائے، جس کے بعد سیالکوٹ کو کامیابی کے لیے 187 رنز کا ہدف ملا۔
محمد حریرہ نے 105 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں بنیادی کردار ادا کیا، جبکہ عبدالرحمٰن نے 48 رنز بنائے۔ سیالکوٹ بلیوز نے مطلوبہ ہدف 21.3 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
فیصل آباد کی دوسری اننگز میں اطہر محمود اور حمزہ نذر نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
لاہور وائٹس اور اسلام آباد کا میچ ڈرا
ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں لاہور وائٹس اور اسلام آباد کے درمیان مقابلہ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔
لاہور وائٹس نے دوسری اننگز 7 وکٹوں پر 251 رنز بنا کر ڈکلیئر کی۔ زین بن فاروق نے 103 رنز کی سنچری اسکور کی، جبکہ طیب طاہر 70 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اسلام آباد نے پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 473 رنز بنائے تھے، جس میں عظیم باری کے 105 اور سرمد بھٹی کے 91 رنز نمایاں رہے۔
فاٹا اور پشاور بلیوز بھی فتح سے محروم
اسلام آباد کے نیشنل گراؤنڈ میں فاٹا اور پشاور بلیوز کے درمیان میچ بھی ڈرا ہوگیا۔
فاٹا نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنائے۔ محمد سرور آفریدی نے 97 رنز کی اننگز کھیلی اور سنچری سے صرف تین رنز دور رہ گئے، جبکہ فواد ارشد 60 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
تیسرے راؤنڈ کا آغاز 15 نومبر سے
قائداعظم ٹرافی کے گولڈ اور سلور مقابلوں کا تیسرا راؤنڈ اتوار 15 نومبر سے شروع ہوگا۔
Leave a comment