Home Cricket لاہور قلندرز کا گیانا کے نوجوان کرکٹرز کے لیے چار ہفتوں پر مشتمل تربیتی کیمپ
Cricket

لاہور قلندرز کا گیانا کے نوجوان کرکٹرز کے لیے چار ہفتوں پر مشتمل تربیتی کیمپ

Share
Share

16 نوجوان کھلاڑیوں اور دو کوچز پر مشتمل وفد کی اسمارٹ قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر میں خصوصی تربیت کا آغاز

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندرز نے جنوبی امریکی ملک گیانا کے 16 نوجوان کرکٹرز اور دو کوچز کی میزبانی کرتے ہوئے چار ہفتوں پر مشتمل ہائی پرفارمنس تربیتی کیمپ کا آغاز کر دیا ہے۔

13 نومبر سے شروع ہونے والا یہ کیمپ کیپیٹل اسمارٹ سٹی میں قائم اسمارٹ قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد مہمان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا اور انہیں پیشہ ورانہ کرکٹ کے تقاضوں سے روشناس کرانا ہے۔

چار ہفتوں کے اس پروگرام میں کھلاڑیوں کو انفرادی نوعیت کی کوچنگ، مسابقتی میچ پریکٹس، طاقت اور جسمانی فٹنس کی تربیت، غذائی رہنمائی اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کارکردگی کا جائزہ لینے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

تربیتی پروگرام لاہور قلندرز کے ہائی پرفارمنس کوچنگ اور سپورٹ اسٹاف کی نگرانی میں مکمل ہوگا۔ اس دوران کھلاڑیوں کو فٹنس، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ کرکٹ میں درکار مہارتوں کے حوالے سے بھی رہنمائی دی جائے گی۔

لاہور قلندرز کے مالک ثمین رانا نے گیانا کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ فرنچائز اس شراکت داری کا حصہ بننے پر فخر محسوس کرتی ہے۔ انہوں نے گیانا کے صدر محمد عرفان علی کے اس وژن کو سراہا جس کے تحت نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔

ثمین رانا کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کا یقین ہے کہ ٹیلنٹ کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور فرنچائز کو کیریبین ملک گیانا میں کرکٹ کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے پر خوشی ہے۔

فرنچائز نے کھلاڑیوں کے دورۂ پاکستان کو ممکن بنانے میں گیانا کے سینئر وزیر برائے کھیل و ثقافت چارلس رامسن اور وزیر اسٹیون جیکبز کے تعاون کو بھی سراہا۔

لاہور قلندرز کے مطابق یہ اقدام سرحدوں سے آگے کرکٹ کی ترقی کے عزم کا اظہار ہے، جس کے ذریعے پاکستان سمیت دنیا بھر کے ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو جدید تربیتی سہولیات اور پیشہ ورانہ کوچنگ تک رسائی فراہم کی جا رہی ہے۔

Share

Leave a comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *