سابق پاکستانی کرکٹر کی بھارتی ٹیم کو ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد، مگر جشن کے دوران جارحانہ اشاروں کو کھیل کے وقار کے منافی قرار دے دیا
پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کی کامیابی کے بعد بعض بھارتی کھلاڑیوں کے جشن منانے کے انداز پر تنقید کرتے ہوئے کھیل میں احترام اور اسپورٹس مین اسپرٹ کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ جیت کا جشن خوشی اور وقار کے ساتھ منانا چاہیے، اسے جارحانہ اشاروں اور غیر ضروری تلخی کا ذریعہ نہیں بنانا چاہیے۔
بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق فائنل میں آخری گیند پر کامیابی کے بعد بھارتی انڈر 19 ٹیم کے بعض کھلاڑی پاکستانی کھلاڑیوں، خصوصاً وکٹ کیپر حمزہ ظہور، کے سامنے جارحانہ انداز میں جشن مناتے اور نامناسب اشارے کرتے دکھائی دیے۔ بعض کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی ڈریسنگ روم کی طرف جاتے ہوئے بھی اشارے کیے گئے۔
صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے دونوں ٹیموں کے کوچنگ اور سپورٹ اسٹاف کو مداخلت کرنا پڑی، جبکہ میچ کے اختتام پر روایتی مصافحہ بھی نہیں ہو سکا۔ ان مناظر پر سوشل میڈیا اور کرکٹ حلقوں میں تنقید کی گئی۔
احمد شہزاد کا بھارتی ٹیم کو پیغام
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں احمد شہزاد نے بھارتی ٹیم کو ٹورنامنٹ جیتنے پر مبارکباد دی اور پاکستانی انڈر 19 ٹیم کی پورے ایونٹ میں شاندار کارکردگی کو بھی سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ کامیابی کا جشن جیت کی خوشی کا اظہار ہونا چاہیے، نہ کہ جارحانہ اشاروں اور غیر ضروری دشمنی کا مظاہرہ۔ نوجوان کھلاڑیوں کو یہ سمجھنا ضروری ہے کہ کھیل کی روح صرف نتیجے تک محدود نہیں بلکہ اس میں حریف ٹیم کا احترام بھی شامل ہے۔
احمد شہزاد نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے سینئر کھلاڑیوں کی بعض روایات نوجوان نسل تک منتقل ہوئی ہیں، جنہیں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق اب وقت آ گیا ہے کہ کرکٹ میں احترام، برداشت اور حقیقی کھیل کے جذبے کو فروغ دیا جائے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں زور دیا کہ کامیابی پر فخر کیا جائے، بھرپور جذبے کے ساتھ مقابلہ کیا جائے، لیکن کھیل اور حریف کا احترام ہمیشہ برقرار رکھا جائے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان سنسنی خیز فائنل
واضح رہے کہ 14 نومبر کو عمان کے شہر العامرات میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو آخری گیند پر ایک وکٹ سے شکست دے کر ٹائٹل جیتا تھا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 337 رنز بنائے تھے، جس میں عثمان خان کی 107 رنز کی شاندار اننگز نمایاں رہی۔ جواب میں بھارتی ٹیم نے 338 رنز کا ہدف آخری گیند پر نو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
بھارتی ٹیم کی کامیابی کے بعد جشن کے دوران سامنے آنے والی ویڈیوز نے کرکٹ حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی، جس پر احمد شہزاد نے نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کے وقار اور مخالف ٹیم کے احترام کا پیغام دیا۔
Leave a comment