پاکستان کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بابراعظم کی بیٹنگ فارم سے متعلق بار بار پوچھے جانے والے سوالات پر صحافیوں سے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ جاری ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی کارکردگی اور کرکٹ پر توجہ دی جائے۔
سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے بابراعظم کا دفاع کیا اور کہا کہ ٹیم کو ان کی حالیہ کارکردگی پر تشویش نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ہر پریس کانفرنس میں بابراعظم سے متعلق ایک ہی سوال بار بار سن کر تھک چکے ہیں۔ ان کے مطابق بابراعظم ٹیسٹ کرکٹ میں تقریباً 50 کی اوسط رکھتے ہیں، اس لیے ٹیم ان کی فارم کے حوالے سے پریشان نہیں۔
مائیک ہیسن نے صحافیوں سے کہا کہ بار بار ایک ہی سوال پوچھنے کے بجائے جاری میچ میں پاکستان کی اچھی کرکٹ اور ٹیم کی کارکردگی پر گفتگو کی جائے۔
بابراعظم کی ٹیسٹ سنچری کا انتظار طویل
بابراعظم دسمبر 2022 کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری اسکور نہیں کر سکے۔ ان کی آخری ٹیسٹ سنچری 26 دسمبر 2022 کو کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف تھی، جب انہوں نے 280 گیندوں پر 161 رنز بنائے تھے، جس میں 15 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
گزشتہ 10 ٹیسٹ اننگز میں بابراعظم نے 324 رنز بنائے، ان کی اوسط 32.40 رہی۔ اس دوران ان کے اسکور 8، 50، 34، 7، 76، 8، 6، 88، 24 اور 23 رنز رہے۔
اس عرصے میں ان کا بہترین اسکور ویسٹ انڈیز کے خلاف 88 رنز رہا، جبکہ انگلینڈ کے خلاف 76 اور سری لنکا کے خلاف نصف سنچری بھی ان کے نمایاں اسکورز میں شامل ہیں۔
راولپنڈی ٹیسٹ میں بھی ناکامی
سری لنکا کے خلاف جاری راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بابراعظم صرف 9 گیندوں پر 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد ان کی فارم پر سوالات مزید شدت اختیار کر گئے۔
32 سالہ بابراعظم اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں 9 سنچریاں اسکور کر چکے ہیں، تاہم وہ مسلسل اچھی کارکردگی دکھانے اور اپنی فارم بحال کرنے کے دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔
Leave a comment