آسٹن: فراری کے مونیگاسک ڈرائیور چارلس لیکلرک نے امریکی فارمولا ون گراں پری کے دوسرے پریکٹس سیشن میں تیز ترین لیپ ریکارڈ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کرلی، جبکہ مرسڈیز کے چیمپئن شپ لیڈر کیمی انتونیلی دوسرے اور ریڈ بُل کے میکس ورسٹاپن تیسرے نمبر پر رہے۔
سرکٹ آف دی امریکاز، آسٹن میں جمعہ کو ہونے والے دوسرے پریکٹس سیشن میں لیکلرک نے ایک منٹ 35.291 سیکنڈ میں بہترین لیپ مکمل کی۔ انتونیلی ان سے صرف 0.042 سیکنڈ پیچھے رہے، جبکہ چار مرتبہ کے عالمی چیمپئن ورسٹاپن 0.189 سیکنڈ کے فرق سے تیسرے نمبر پر رہے۔
لکلیرک نے اس سے قبل پہلے پریکٹس سیشن میں بھی سب سے تیز وقت ریکارڈ کیا تھا، جس سے فراری نے دن کے دونوں سیشنز میں اپنی برتری ثابت کی۔
انتونیلی کے لیے عالمی چیمپئن بننے کا اہم موقع
مرسڈیز کے 20 سالہ اطالوی ڈرائیور کیمی انتونیلی اس ہفتے کے اختتام پر فارمولا ون کے کم عمر ترین عالمی چیمپئن بننے کی دوڑ میں شامل ہیں۔ اگر وہ امریکی گراں پری جیت لیتے ہیں اور ان کے اہم حریف پوائنٹس کے فرق کو مطلوبہ حد تک کم کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو وہ ٹائٹل اپنے نام کر سکتے ہیں۔
انتونیلی کی ٹیم کے ساتھی جارج رسل اور فراری کے سات مرتبہ کے عالمی چیمپئن لیوس ہیملٹن کو بھی ٹائٹل کی امیدیں برقرار رکھنے کے لیے مخصوص نتائج درکار ہیں۔ اگر انتونیلی ریس جیتتے ہیں تو رسل کو ٹاپ آٹھ اور ہیملٹن کو ٹاپ چار میں جگہ بنانا ہوگی۔
ہیملٹن نے دوسرے پریکٹس سیشن میں چوتھی پوزیشن حاصل کی، جبکہ رسل پانچویں نمبر پر رہے۔ ریسنگ بلز کے لیام لاسن چھٹے، میک لارن کے لینڈو نورس ساتویں اور آسکر پیاسٹری آٹھویں نمبر پر رہے۔ دوسرے ریڈ بُل ڈرائیور آئزیک ہجار نویں جبکہ ہاس کے اولیور بیئر مین دسویں نمبر پر رہے۔
ورسٹاپن کی تیز رفتار، انتونیلی کو تکنیکی مسئلہ
دوسرے پریکٹس سیشن کے ابتدائی حصے میں ورسٹاپن نے تیز رفتار دکھائی اور ایک موقع پر سرفہرست پوزیشن حاصل کرلی۔ تاہم، کوالیفائنگ کی تیاری کے لیے سافٹ ٹائروں پر لیپ مکمل کرنے کے بعد لیکلرک نے بہترین وقت ریکارڈ کرتے ہوئے برتری اپنے نام کرلی۔
انتونیلی کو اپنی گاڑی کی سیٹ میں غیر معمولی حرکت محسوس ہونے پر ابتدائی طور پر پٹ اسٹاپ کرنا پڑا، جس سے ان کی پریکٹس متاثر ہوئی۔ مرمت کے بعد ٹریک پر واپس آتے ہی انہوں نے تیز رفتار لیپ لگائی اور دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔
دوسری جانب، جارج رسل کو لیکلرک کے ساتھ ایک واقعے کے بعد ڈرائیونگ کے معیار سے متعلق بلیک اینڈ وائٹ فلیگ وارننگ بھی دی گئی۔ حکام کے مطابق، ایسا دکھائی دیا کہ رسل نے فراری ڈرائیور کو ٹریک سے باہر جانے پر مجبور کیا تھا۔
تین ڈرائیورز کو گرڈ پینلٹیز
پریکٹس سیشنز کے درمیان تین ڈرائیورز کی گرڈ پینلٹیز کی بھی تصدیق ہوئی۔ ریسنگ بلز کے نوآموز ڈرائیور آروڈ لِنڈبلڈ کو پانچ، الپائن کے فرانکو کولاپنٹو کو 10 اور آڈی کے گیبریل بورٹولیٹو کو 20 مقامات کی پینلٹی دی گئی۔ یہ سزائیں پاور یونٹ کے مقررہ کوٹے سے زیادہ نئے پرزے استعمال کرنے پر عائد کی گئیں۔
امریکی گراں پری کے اگلے مراحل میں لیکلرک کی رفتار، ورسٹاپن کی فارم اور انتونیلی کی چیمپئن شپ مہم پر خصوصی توجہ ہوگی۔
Leave a comment