Home Football اٹلی نے فرانس کو 1-3 سے ہرا دیا، ہیری کین انگلینڈ کی تاریخ میں سب سے زیادہ میچز کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے
Football

اٹلی نے فرانس کو 1-3 سے ہرا دیا، ہیری کین انگلینڈ کی تاریخ میں سب سے زیادہ میچز کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے

Share
Share

نیشنز لیگ میں اٹلی کی شاندار کامیابی، کین نے 126ویں انٹرنیشنل میچ میں فیصلہ کن پنالٹی اسکور کرکے انگلینڈ کو کروشیا کے خلاف 1-2 سے فتح دلائی

میلان: یوئیفا نیشنز لیگ میں اٹلی نے فرانس کو 1-3 سے شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کی، جبکہ انگلینڈ کے کپتان ہیری کین نے کروشیا کے خلاف 1-2 کی فتح میں فیصلہ کن پنالٹی اسکور کرنے کے ساتھ قومی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ میچز کھیلنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔

اٹلی کی فرانس کے خلاف شاندار کامیابی

میلان میں کھیلے گئے مقابلے میں فرانس نے ابتدائی برتری حاصل کی، جب مائیکل اولیس نے اٹلی کے گول کیپر جان لوئیجی ڈوناروما کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند جال میں پہنچا دی۔

اٹلی نے 26ویں منٹ میں واپسی کرتے ہوئے مقابلہ برابر کر دیا۔ نکولو کمبیاغی نے گول کا موقع بنایا اور فرانسسکو پیو ایسپوزیٹو نے اسے کامیابی سے گول میں تبدیل کردیا۔

فرانس کے بریڈلی بارکولا نے پہلے ہاف میں گیند گول پوسٹ سے ٹکرائی، تاہم اٹلی نے بعد میں کھیل پر گرفت مضبوط کرلی۔ کمبیاغی نے فرانسیسی دفاع کے لیے مشکلات پیدا کرنا جاری رکھیں اور ایک گھنٹے کے بعد پنالٹی بھی حاصل کی، لیکن سیبستیانو ایسپوزیٹو اسے گول میں تبدیل نہ کر سکے۔

اٹلی نے 63ویں منٹ میں ڈیوڈے فراٹےسی کے گول کی بدولت برتری حاصل کی۔ انہوں نے فیڈریکو دیمارکو کے کراس پر گیند جال میں پہنچائی۔ بعد ازاں انتونیو ورگارا نے ایک اور پنالٹی حاصل کی، جس پر پیو ایسپوزیٹو نے 75ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول کرکے اٹلی کی برتری 1-3 کر دی۔

اس کامیابی کے بعد لیگ اے کے گروپ ون میں اٹلی اور فرانس کے پوائنٹس 10، 10 ہو گئے، جبکہ بیلجیئم ایک پوائنٹ کے فرق سے تیسرے نمبر پر ہے۔ بیلجیئم نے ترکی کو 1-2 سے شکست دی، جس کے بعد ترکی کی مسلسل پانچویں شکست نے اسے لیگ بی میں بھیج دیا۔ کوارٹر فائنل کی باقی نشستوں کا فیصلہ منگل کو ہوگا۔

ہیری کین نے انگلینڈ کا ریکارڈ توڑ دیا

ویمبلے اسٹیڈیم میں انگلینڈ نے کروشیا کو 1-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ یقینی بنائی۔ اس میچ میں ہیری کین نے انگلینڈ کی جانب سے اپنا 126واں میچ کھیل کر سابق گول کیپر پیٹر شلٹن کا 125 میچز کا ریکارڈ توڑ دیا۔

انگلینڈ نے 24ویں منٹ میں مورگن راجرز کے گول سے برتری حاصل کی، تاہم کروشیا کے پیٹر سوسچ نے 59ویں منٹ میں مقابلہ برابر کردیا۔

اس کے پانچ منٹ بعد جیرل کوانسا کو پنالٹی ایریا میں فاؤل کیا گیا، جس پر انگلینڈ کو پنالٹی ملی۔ ہیری کین نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند جال میں پہنچائی۔ یہ انگلینڈ کے لیے ان کا 92واں بین الاقوامی گول تھا، جس نے ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔

اسپین کی بھی ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی

لیگ اے کے گروپ تھری میں اسپین نے چیکیا کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر 0-2 سے شکست دے کر اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔

اسپین کو 39ویں منٹ میں پنالٹی ملی، جس پر ایلکس بائنا نے گول اسکور کیا۔ یہ پنالٹی لوکاس امبروس کے ہینڈ بال کے نتیجے میں دی گئی تھی۔

دوسرے ہاف میں چیکیا نے واپسی کی کوشش کی اور آدم ہلوزیک کی شاٹ گول پوسٹ سے ٹکرا گئی، تاہم 72ویں منٹ میں لادیسلاف کریچی کو ریڈ کارڈ دکھائے جانے کے بعد میزبان ٹیم کو بڑا دھچکا لگا۔ اسپین کے مارک پوبیل نے انجری ٹائم میں دوسرا گول کرکے کامیابی مکمل کردی۔

اسپین اور انگلینڈ دونوں ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں اور اتوار کو ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔

دیگر مقابلوں کے نتائج

لیگ سی کے مقابلوں میں البانیہ نے فن لینڈ کو 0-2 سے شکست دی، جبکہ بیلاروس نے بھی سان مارینو کے خلاف اسی اسکور سے کامیابی حاصل کی۔

آرمینیا اور قبرص کا مقابلہ 1-1 سے برابر رہا، جبکہ مونٹی نیگرو نے لٹویا کو 1-2 سے شکست دے کر اپنے گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

Share

Leave a comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *