Home Uncategorized پاکستان آرمی نے چوتھی انٹر سروسز کامبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا
Uncategorized

پاکستان آرمی نے چوتھی انٹر سروسز کامبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا

Share
Share

جہلم میں 46ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن سینٹرل میٹ کی اختتامی تقریب، 1500 سے زائد شوٹرز نے مقابلوں میں حصہ لیا، حوالدار فضل رحمٰن نے ماسٹر ایٹ آرمز ٹرافی اپنے نام کر لی۔

پاکستان آرمی نے جہلم میں منعقدہ چوتھی انٹر سروسز کامبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ کی ٹرافی جیت لی۔ یہ مقابلے 46ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن (PARA) سینٹرل میٹ کی اختتامی تقریب کے موقع پر اختتام پذیر ہوئے۔

آرمی مارکس مین شپ یونٹ (AMU) جہلم میں منعقدہ تقریب میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف مہمانِ اعزاز تھے۔

1500 سے زائد شوٹرز کی شرکت

7 اکتوبر سے 11 نومبر 2026 تک جاری رہنے والے ان مقابلوں میں 1500 سے زائد شوٹرز نے حصہ لیا۔ شرکا میں پاکستان آرمی، نیوی، ایئر فورس، سول آرمڈ فورسز، سندھ اور پنجاب رینجرز، گلگت بلتستان اسکاؤٹس، صوبائی ٹیموں، فیڈرل رائفل ایسوسی ایشن اور شہری تنظیموں کے نمائندے شامل تھے۔

پاکستان آرمی نے چوتھی انٹر سروسز کامبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ کی ٹرافی حاصل کی، جبکہ آرمی مارکس مین شپ یونٹ نے وزیراعظم اسکلز ایٹ آرمز بگ بور نیشنل چیلنج میچ جیت لیا۔

حوالدار فضل رحمٰن کے نام بڑا اعزاز

پنجاب رجمنٹ کے حوالدار فضل رحمٰن نے فوجی شوٹنگ کے اعلیٰ ترین اعزاز ماسٹر ایٹ آرمز ٹرافی، جسے ڈولی کپ بھی کہا جاتا ہے، اپنے نام کیا۔

پنجاب رجمنٹ نے یونٹ فائرنگ پروفیشنسی میچ اور انفنٹری اسکواڈ میچ میں بھی کامیابی حاصل کی۔

اختتامی تقریب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایڈمرل نوید اشرف نے مختلف کیٹیگریز کے فاتحین اور رنرز اَپ میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے۔

پیشہ ور فوجی کے لیے نشانہ بازی کی مہارت اہم قرار

شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شوٹرز کی بہترین نشانہ بازی، مہارت اور درستگی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ نشانہ بازی میں مہارت ایک پیشہ ور فوجی کی بنیادی خصوصیت ہے اور بنیادی فوجی تربیت میں چھوٹے ہتھیاروں پر عبور کو لازمی اہمیت دی جانی چاہیے۔

تقریب میں آرمی مارکس مین شپ یونٹ آمد پر انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن اور کمانڈر راولپنڈی کور نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔

Share

Leave a comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *