Home Football پاکستان نے ساف چیمپئن شپ 2026 کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی
Football

پاکستان نے ساف چیمپئن شپ 2026 کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

Share
Share

بھارت کی مالدیپ کے خلاف ایک گول سے کامیابی نے گروپ بی کی حتمی پوزیشن واضح کر دی، پاکستان تین پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہتے ہوئے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔

پاکستان نے ساف چیمپئن شپ 2026 کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ بھارت کی مالدیپ کے خلاف 0-1 سے کامیابی کے بعد گروپ بی کی حتمی پوزیشن واضح ہوگئی، جس کے نتیجے میں پاکستان نے دوسرے نمبر پر رہتے ہوئے اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔

ڈھاکا کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں بھارت کی جانب سے سہیل احمد بھٹ نے 39ویں منٹ میں پنالٹی پر گول اسکور کیا۔ انہیں یہ موقع حریف ٹیم کے کھلاڑی کی جانب سے اپنے پنالٹی ایریا میں فاؤل کے بعد ملا۔

مالدیپ نے دوسرے ہاف میں مقابلہ برابر کرنے کی کوشش کی، تاہم بھارتی گول کیپر پریانش دوبے نے متعدد اہم سیوز کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی برتری برقرار رکھی۔ اس کامیابی کے ساتھ بھارت نے مسلسل دوسری فتح حاصل کی۔

گروپ بی کی حتمی صورتحال

بھارت نے چھ پوائنٹس کے ساتھ گروپ بی میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ پاکستان تین پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ مالدیپ دونوں میچز ہار کر بغیر کسی پوائنٹ کے ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا اور وہ کوئی گول بھی اسکور نہ کر سکا۔

پاکستان نے 8 نومبر کو مالدیپ کو 0-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل کی جانب اہم پیش رفت کی تھی۔ اس سے قبل قومی ٹیم کو اپنے افتتاحی میچ میں بھارت کے ہاتھوں 2-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو کی نگرانی میں پاکستان نے مالدیپ کے خلاف پہلے ہاف میں عمدہ کھیل پیش کیا۔ میک کیل عبداللہ نے ابتدائی پنالٹی کو گول میں تبدیل کیا، جبکہ 19 سالہ اسٹرائیکر نجیب اللہ نے دو گول کرکے پاکستان کی فتح یقینی بنائی۔

نجیب اللہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے نمایاں کھلاڑیوں میں شامل ہیں اور دو میچز میں تین گول اسکور کر چکے ہیں، جن میں بھارت کے خلاف کیا گیا ایک گول بھی شامل ہے۔

سیمی فائنل میں پاکستان کا ممکنہ حریف کون ہوگا؟

پاکستان 14 نومبر کو سیمی فائنل میں گروپ اے کی فاتح ٹیم کا سامنا کرے گا۔ اس گروپ کی حتمی پوزیشن بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان بدھ کی رات ہونے والے میچ کے بعد واضح ہوگی۔

میزبان بنگلہ دیش نے اپنے پہلے میچ میں بھوٹان کو 0-1 سے شکست دے کر تین پوائنٹس حاصل کیے تھے، جبکہ سری لنکا نے بھوٹان کے خلاف 2-2 سے ڈرا کھیلتے ہوئے ایک پوائنٹ حاصل کیا۔

اگر بنگلہ دیش سری لنکا کے خلاف کامیابی حاصل کرتا ہے یا میچ برابر رہتا ہے تو وہ گروپ اے میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے سیمی فائنل میں پاکستان کا حریف بن جائے گا۔ تاہم سری لنکا کی کامیابی اسے گروپ کا ٹاپ پوزیشن ہولڈر بنا دے گی۔

پاکستان اور گروپ اے کی فاتح ٹیم کے درمیان سیمی فائنل ڈھاکا کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم کی نظریں 17 نومبر کو شیڈول فائنل میں جگہ بنانے پر ہوں گی۔

دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کا مقابلہ گروپ اے کی رنر اَپ ٹیم سے ہوگا۔

Share

Leave a comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *