لاہور، 6 نومبر 2026
اسپورٹس بورڈ پنجاب ٹینس اکیڈمی، نشتر پارک میں جاری 10ویں شہریار ملک میموریل پاکستان اوپن ٹینس چیمپئن شپ میں برگیڈیئر (ر) غضنفر اور عمران طاہر نے سینئرز 60 پلس ڈبلز جبکہ اشنا سہیل اور مہک کھوکھر نے لیڈیز ڈبلز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
جمعہ کو کھیلے گئے سینئرز 60 پلس ڈبلز فائنل میں برگیڈیئر (ر) غضنفر اور عمران طاہر نے سلیم اور ڈاکٹر مشتاق ہارون کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-1 اور 6-2 سے شکست دے کر ٹرافی جیت لی۔
سینئرز 45 پلس ڈبلز کے فائنل میں ہادی حسین اور ڈاکٹر صہیب نے خرم امتیاز اور عارف فیروز کو سخت مقابلے کے بعد 6-2، 2-6 اور 10-5 سے ہرا کر کامیابی حاصل کی۔
اشنا سہیل اور مہک کھوکھر کی شاندار فتح
لیڈیز ڈبلز کے فائنل میں اشنا سہیل اور مہک کھوکھر نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے بسمل ضیا اور خدیجہ خلیل کو 6-0 اور 6-1 سے شکست دے کر چیمپئن شپ ٹرافی اپنے نام کی۔
فاتح جوڑی نے سیمی فائنل میں فجر فیاض اور عشاء ربی کو 6-2 اور 6-1 سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی تھی، جبکہ بسمل ضیا اور خدیجہ خلیل نے عشاء جواد اور زینہ کو 6-3 اور 7-6 سے شکست دے کر فیصلہ کن مقابلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
جونیئر مقابلوں میں بھی سخت مقابلے
بوائز انڈر 12 سیمی فائنل میں فاطمہ گروپ کے ایم ایان نے ایم ابراہیم حسین گل کو 4-0 اور 4-0 سے شکست دی، جبکہ بوائز انڈر 14 میں ایم معاذ نے عالیان علی کو 4-2 اور 4-2 سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
اس سے قبل انڈر 14 کوارٹر فائنلز میں معاذ، عالیان، ابراہیم حسین گل اور ایان نے کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی۔
بوائز اور گرلز انڈر 10 کے پری کوارٹر فائنلز میں امِ ایمن، وجیہہ فاطمہ اور فیض عزیر رانا نے بھی 6-0 کے یکطرفہ نتائج کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔
Leave a comment