سان انتونیو: وکٹر ویمبانیاما کی شاندار کارکردگی کی بدولت سان انتونیو اسپرس نے مینیسوٹا ٹمبر وولوز کو 111-121 سے شکست دے کر این بی اے میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کرلی۔
ہفتے کو کھیلے گئے مقابلے میں ویمبانیاما نے سیزن کی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 43 پوائنٹس اسکور کیے۔ انہوں نے سات ری باؤنڈز اور چھ بلاکس بھی اپنے نام کیے، جبکہ ان کی جارحانہ کھیل نے اسپرس کو اہم موقع پر برتری برقرار رکھنے میں مدد دی۔
اسپرس کی فیصلہ کن واپسی
مقابلے کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ اسپرس پہلے کوارٹر کے اختتام پر 28 کے مقابلے میں 34 پوائنٹس کے ساتھ آگے تھے، تاہم دوسرے کوارٹر میں ٹمبر وولوز نے 16 مسلسل پوائنٹس بنا کر مقابلے کا نقشہ بدل دیا۔
مینیسوٹا نے ایک موقع پر 51-46 کی برتری حاصل کرلی، لیکن ویمبانیاما نے پہلے ہاف میں 24 پوائنٹس اسکور کرکے اپنی ٹیم کو مقابلے میں برقرار رکھا۔ ہاف ٹائم پر ٹمبر وولوز کو صرف ایک پوائنٹ کی برتری حاصل تھی۔
تیسرے کوارٹر میں سان انتونیو نے دوبارہ برتری حاصل کی اور آخری کوارٹر سے قبل پانچ پوائنٹس آگے تھا۔
چوتھے کوارٹر میں اسپرس نے 10-0 کے اہم رن کے ذریعے اپنی برتری 101-88 تک پہنچا دی۔ تاہم، ٹمبر وولوز نے ہمت نہیں ہاری اور جےڈن میک ڈینیئلز کے شاٹ کی بدولت مقابلے میں فرق صرف چار پوائنٹس تک محدود کردیا۔
اسپرس نے فوری جواب دیتے ہوئے 6-2 کے رن سے اپنی پوزیشن مستحکم کی۔ میچ ختم ہونے سے 2 منٹ 40 سیکنڈ قبل ویمبانیاما کے تین پوائنٹس والے شاٹ نے سان انتونیو کی برتری 118-107 کردی، جس کے بعد مہمان ٹیم کے لیے واپسی مشکل ہوگئی۔
ہارپر اور ڈی آرون فاکس کی بھی نمایاں کارکردگی
سان انتونیو کی جانب سے ڈیلن ہارپر نے 25 پوائنٹس، سات ری باؤنڈز اور چھ اسسٹس کے ساتھ اہم کردار ادا کیا۔ ڈی آرون فاکس نے 22 پوائنٹس، آٹھ ری باؤنڈز اور سات اسسٹس بنائے، جبکہ متبادل کھلاڑی جولین چیمپینی نے 12 پوائنٹس اسکور کیے۔
مینی سوٹا کی جانب سے ایو ڈوسونمو 27 پوائنٹس اور نو ری باؤنڈز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جےڈن میک ڈینیئلز اور جوناتھن کمنگا نے 19، 19 پوائنٹس بنائے۔
ٹمبر وولوز کو مقابلے میں اپنے اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کا بھی سامنا تھا۔ انتھونی ایڈورڈز گھٹنے کی تکلیف، ڈونٹے ڈی ونسینزو اچیلز کی سرجری اور رُڈی گوبر کمر کے نچلے حصے میں کھچاؤ کے باعث نہیں کھیل سکے۔
اس شکست کے ساتھ مینیسوٹا کو گزشتہ چار مقابلوں میں تیسری ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ سان انتونیو نے مسلسل چوتھی فتح حاصل کرکے اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھا۔
Leave a comment