خیبرپختونخوا کے نوجوان ایتھلیٹ کا لاہور پہنچنے پر پرتپاک استقبال، اسپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے 70 ہزار روپے کا انعام
لاہور: خیبرپختونخوا کے ضلع کرک سے تعلق رکھنے والے نوجوان ایتھلیٹ ارشاد اللہ خٹک نے 550 کلومیٹر سے زائد طویل فاصلہ سات روز میں دوڑ کر طے کرلیا، جس کے بعد ان کی غیر معمولی جسمانی صلاحیت، عزم اور حوصلے کو سراہا جا رہا ہے۔
لاہور پہنچنے پر اسپورٹس بورڈ پنجاب میں ارشاد اللہ خٹک کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے 70 ہزار روپے کا چیک پیش کیا۔
ارشاد اللہ خٹک نے کرک سے لاہور تک اس طویل سفر کے ذریعے اپنی جسمانی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ امن، محبت، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کا پیغام بھی دیا۔ ان کی یہ مہم کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو مثبت اور صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کی ایک منفرد کوشش قرار دی جا رہی ہے۔
اس موقع پر ڈی جی اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے ارشاد اللہ خٹک کی محنت، لگن اور غیر معمولی عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، تاہم انہیں آگے بڑھنے کے لیے مناسب مواقع اور حوصلہ افزائی فراہم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپورٹس بورڈ پنجاب نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ ان کے مطابق امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام عام کرنے کے لیے ارشاد اللہ خٹک کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں، جبکہ لاہور سے چین تک تاریخی سفر شروع کرنے کا ان کا عزم بھی قابلِ تعریف ہے۔
ارشاد اللہ خٹک نے بتایا کہ نوجوانوں کو مثبت اور صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ان کی مہم کا بنیادی مقصد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور سے چین تک ایک تاریخی سفر مکمل کرنا ان کا مشن ہے اور وہ اس مقصد کے حصول کے لیے اپنے عزم اور حوصلے کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔
واضح رہے کہ ارشاد اللہ خٹک رواں سال جولائی میں بھی کرک سے پشاور تک 175 کلومیٹر کا فاصلہ 24 گھنٹوں میں دوڑ کر مکمل کر چکے ہیں۔
استقبالیہ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد سمیت اسپورٹس بورڈ پنجاب کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔
Leave a comment