سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر نے بابر اعظم کی بیٹنگ تکنیک پر سوالات اٹھائے تھے، قومی کپتان نے جواب دیا کہ محمد یوسف رابطہ کریں گے تو وہ ان سے ضرور سیکھیں گے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی بیٹنگ تکنیک پر سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف کی تنقید کے بعد بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کا ایک پرانا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر دوبارہ وائرل ہوگیا ہے۔
اس ویڈیو میں کوہلی کہتے ہیں کہ اگر وہ کسی کھلاڑی کی مدد کرنا چاہتے ہیں تو اسے ذاتی طور پر مشورہ دیں گے، کیونکہ پوری دنیا کے سامنے کسی کھلاڑی کی خامیوں کی نشاندہی کرنے سے ان کے نزدیک اس مشورے کی اہمیت کم ہوجاتی ہے۔
یہ ویڈیو ایسے وقت میں دوبارہ شیئر کی جا رہی ہے جب محمد یوسف نے حال ہی میں بابر اعظم کی تکنیک اور قائداعظم ٹرافی میں ان کی کارکردگی پر تنقید کی تھی۔
محمد یوسف نے بابر اعظم کو کیا مشورہ دیا تھا؟
محمد یوسف نے یکم نومبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ بابر اعظم کو اس وقت تک فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں کھیلنی چاہیے جب تک وہ خصوصی کوچنگ کے ذریعے اپنی تکنیکی خامیوں کو دور نہیں کر لیتے۔
ان کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل مشکلات بابر کے اعتماد اور کیریئر کو مزید متاثر کر سکتی ہیں۔
محمد یوسف نے یہ بھی تجویز دی تھی کہ بابر اعظم کو انگلینڈ یا آسٹریلیا کی کسی کرکٹ اکیڈمی بھیجا جائے، جہاں وہ درست رہنمائی اور محنت کے ذریعے اپنی بہترین فارم میں واپس آسکیں۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ بابر اب بھی پاکستان کے بہترین کھلاڑی ہیں اور وہ چار سال قبل بھی یہی مشورہ دے چکے ہیں۔
بابر اعظم نے تنقید کا کیا جواب دیا؟
سری لنکا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ سے قبل پریس کانفرنس میں ایک صحافی نے بابر اعظم سے سوال کیا کہ محمد یوسف نے ان کی تکنیک پر بارہا اعتراض کیا ہے اور سوشل میڈیا پر بھی تنقید کی، کیا انہوں نے کبھی ذاتی طور پر ان سے رابطہ کیا؟
بابر اعظم نے جواب دیا کہ اب تک محمد یوسف سے ان کا براہِ راست کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ ممکن ہے وہ سوشل میڈیا یا کسی دوسرے ذریعے سے اس بارے میں بات کر رہے ہوں، لیکن ذاتی طور پر ان کی کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔
قومی کپتان نے محمد یوسف کو لیجنڈ اور پاکستان کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ان سے رابطہ کریں گے تو وہ ضرور ان سے سیکھیں گے۔
اپنے آؤٹ ہونے کے انداز پر بات کرتے ہوئے بابر نے کہا کہ ضروری نہیں کہ کوئی بیٹر ہر مرتبہ ایک ہی انداز سے آؤٹ ہو۔ مختلف گیندوں اور وجوہات کی بنا پر وکٹیں گرتی ہیں۔ ان کے مطابق آؤٹ ہونا کھیل کا حصہ ہے اور جب بھی وہ آؤٹ ہوتے ہیں تو اکثر انہیں اپنی ہی غلطی محسوس ہوتی ہے۔
ویرات کوہلی کی ویڈیو پر سوشل میڈیا ردعمل
بابر اعظم کے بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے ویرات کوہلی کی پرانی پریس کانفرنس کا کلپ شیئر کرنا شروع کردیا، جس میں وہ کسی کھلاڑی کو تکنیکی مشورہ دینے کے مناسب طریقے پر بات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
سینئر اسپورٹس اینکر اور صحافی عبدالغفار نے ایکس پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا: ”بابر اعظم، محمد یوسف اور سوشل میڈیا۔ جب کوہلی نے بحث ہی ختم کردی۔“
دوسری جانب اسپورٹس جرنلسٹ عمران صدیق نے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد اظہر کا انٹرویو شیئر کرتے ہوئے ان کا مؤقف سامنے رکھا۔ محمد اظہر کے مطابق بابر اعظم کی تکنیک میں مسئلہ ضرور ہے، لیکن یہ اتنا بڑا نہیں، جبکہ انہیں ذہنی سپورٹ کی بھی ضرورت ہے کیونکہ ان کا وقت اچھا نہیں چل رہا۔
سری لنکا کے خلاف بابر اعظم کی نصف سنچری
واضح رہے کہ راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بابر اعظم نے 57 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 50 رنز اسکور کیے، جس کے بعد وہ آؤٹ ہوگئے۔
Leave a comment