چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرینبرگ کا کہنا ہے کہ بورڈ 2018 کے بال ٹیمپرنگ کیس کی تحقیقات کے نتائج سے مطمئن ہے، ماضی میں واپس جانے کے بجائے مستقبل پر توجہ دینی چاہیے۔
کرکٹ آسٹریلیا نے 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کی تحقیقات دوبارہ نہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرینبرگ کا کہنا ہے کہ اس معاملے کو دوبارہ اٹھانے کی کوئی ٹھوس وجہ موجود نہیں اور ادارہ ماضی میں کی گئی تحقیقات کے نتائج سے اب بھی مطمئن ہے۔
مارچ 2018 میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران بال ٹیمپرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جب آسٹریلوی اوپنر کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر کے ذریعے گیند کی سطح خراب کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ٹی وی کیمروں نے پکڑ لیا تھا۔
واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں کرکٹ آسٹریلیا کی تحقیقات میں اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو اس معاملے کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔
اسٹیو اسمتھ، وارنر اور بینکرافٹ پر پابندیاں
اسکینڈل کے بعد اسٹیو اسمتھ سے کپتانی واپس لے لی گئی اور انہیں ایک سال کے لیے کرکٹ سے معطل کیا گیا۔ ڈیوڈ وارنر کو بھی ایک سال جبکہ کیمرون بینکرافٹ کو نو ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک بز کے مطابق ٹوڈ گرینبرگ نے سابق پاکستانی کرکٹر عثمان خواجہ کے مؤقف کا احترام کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے پر اپنی بات سامنے لائے ہیں، تاہم کرکٹ آسٹریلیا سمجھتا ہے کہ تحقیقات دوبارہ شروع کرنے کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں۔
گرینبرگ کا کہنا تھا کہ اب آگے بڑھنے کا وقت ہے اور بورڈ کا اس معاملے پر مؤقف واضح ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز بھی اس معاملے پر جلد گفتگو کریں گے۔
عثمان خواجہ کے دعوے اور ڈیوڈ وارنر کا ردعمل
یہ معاملہ ایک مرتبہ پھر اس وقت زیرِ بحث آیا جب سابق آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے عثمان خواجہ کے حالیہ دعوؤں کی حمایت کی۔ وارنر نے کہا کہ خواجہ کا بیان 100 فیصد درست ہے اور اب حقیقت سب کے سامنے آ گئی ہے۔
عثمان خواجہ نے تین روز قبل بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پر گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ گیند کی حالت خراب کرنے کے منصوبے سے صرف بیٹرز ہی نہیں بلکہ پوری آسٹریلوی ٹیم، بولرز اور ٹیم اسٹاف بھی آگاہ تھے۔
ڈیوڈ وارنر نے انسٹاگرام پر اپنے بیان میں کہا کہ اس موضوع پر بات کیے انہیں آٹھ سال گزر چکے ہیں، تاہم وہ اپنے سابق ساتھی اور قریبی دوست عثمان خواجہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
عثمان خواجہ کی خودنوشت سوانح عمری رواں ہفتے شائع ہونے والی ہے، جس میں 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے حوالے سے ایک مکمل باب بھی شامل کیا گیا ہے۔

Leave a comment