Home Athletics فن لینڈ اور ناروے کا روسی ایتھلیٹس کو ویزے دینے سے انکار، کھیلوں میں واپسی کی مخالفت شدت اختیار کرگئی
Athletics

فن لینڈ اور ناروے کا روسی ایتھلیٹس کو ویزے دینے سے انکار، کھیلوں میں واپسی کی مخالفت شدت اختیار کرگئی

Share
Share

یوکرین جنگ جاری رہنے تک روسی کھلاڑیوں کو اپنے ملک میں خوش آمدید نہیں کہیں گے، فن لینڈ کی وزیر خارجہ کا دوٹوک مؤقف؛ ناروے نے روسی اور بیلاروسی کھلاڑیوں کی میزبانی روکنے کا اعلان کردیا۔

ہیلسنکی: روس کی بین الاقوامی کھیلوں میں واپسی کے خلاف یورپی ممالک کی مخالفت مزید شدت اختیار کرگئی ہے، جہاں فن لینڈ اور ناروے نے روسی ایتھلیٹس کی اپنے ہاں کھیلوں میں شرکت محدود کرنے کے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

فن لینڈ کی حکومت نے جمعرات کو روسی کھلاڑیوں کے لیے ویزا پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ کیا۔ حکومت کے مطابق یوکرین کے خلاف روسی جنگ جاری رہنے تک روسی ایتھلیٹس کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

فن لینڈ مارچ 2027 میں شہر ٹیمپیرے میں ورلڈ فگر اسکیٹنگ چیمپئن شپ کی میزبانی کرنے والا ہے۔ نئے فیصلے کے بعد انٹرنیشنل اسکیٹنگ یونین (آئی ایس یو) نے کہا ہے کہ وہ اس کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لے رہی ہے۔

غیر جانبدار پرچم تلے کھیلنے والے روسی کھلاڑی بھی پابندی کی زد میں

فن لینڈ کی وزارت خارجہ کے مطابق روسی شہریوں کے لیے مختصر مدت کے ورک ویزوں کی شرائط سخت کردی گئی ہیں، جن میں پیشہ ورانہ کھیلوں سے وابستہ سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔

نئے ضوابط کے تحت روسی شہریوں کو شینگن ویزے پر صرف ایسے کام کرنے کی اجازت ہوگی جو فن لینڈ کے قومی مفادات کے لیے ضروری ہوں۔ ان پابندیوں کا اطلاق ان روسی کھلاڑیوں پر بھی ہوگا جو غیر جانبدار پرچم کے تحت مقابلوں میں حصہ لیتے ہیں۔

فن لینڈ کی وزیر خارجہ ایلینا والٹونن نے کہا کہ جب تک روس کی جارحانہ جنگ جاری ہے، روسی کھلاڑیوں کے لیے فن لینڈ میں کوئی جگہ نہیں۔ ان کے مطابق روسی کھلاڑیوں کی ملک میں آمد فن لینڈ کے بین الاقوامی تعلقات کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

نئے ضوابط 16 نومبر سے نافذ العمل ہوں گے۔ والٹونن نے مؤقف اختیار کیا کہ ان اقدامات کا مقصد روس کو کھیلوں کے ذریعے جنگ کے حق میں پیغامات پھیلانے سے روکنا ہے۔

ناروے نے روسی اور بیلاروسی کھلاڑیوں پر پابندی لگادی

فن لینڈ کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد ناروے نے بھی روسی اور بیلاروسی پیشہ ور کھلاڑیوں کو اپنے ملک میں کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت سے روکنے کا فیصلہ کیا۔

ناروے کی حکومت کے مطابق روس اور بیلاروس کے شہریوں کے لیے پہلے ہی ویزا ضوابط سخت ہیں، تاہم عالمی کھیلوں کی بعض تنظیموں کی جانب سے حالیہ نرمی کے باعث ان ممالک کے مزید کھلاڑیوں اور معاون عملے کی آمد کا امکان پیدا ہوا تھا۔

ناروے دسمبر میں شہر ٹرونڈھائم میں کراس کنٹری اسکیئنگ ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا۔ نئے فیصلے کے نتیجے میں روسی اور بیلاروسی کھلاڑیوں کو عالمی اسکی اینڈ سنو بورڈ فیڈریشن (FIS) سے اجازت ملنے کے باوجود شرکت سے روکا جا سکتا ہے۔

یوکرین نے فن لینڈ کے فیصلے کا خیرمقدم کردیا

یوکرین کے وزیر خارجہ آندری سیبیہا نے فن لینڈ کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے دیگر یورپی ممالک پر بھی زور دیا کہ وہ روس کے خلاف دباؤ بڑھائیں اور موجودہ پابندیوں میں موجود ممکنہ راستے بند کریں۔

دوسری جانب انٹرنیشنل اسکیٹنگ یونین نے مؤقف اختیار کیا کہ دنیا میں جاری مختلف تنازعات کے باوجود کھلاڑیوں کو اپنی حکومتوں کے اقدامات کی سزا نہیں ملنی چاہیے۔ تنظیم نے فن لینڈ کے منتظمین سے مزید وضاحت طلب کرنے کا اعلان بھی کیا۔

آئس ہاکی میں روس کی واپسی پر بھی اختلافات

فن لینڈ کا یہ فیصلہ 30 اکتوبر کو کورٹ آف آربیٹریشن فار اسپورٹس (CAS) کے ایک فیصلے کے بعد سامنے آیا، جس نے روسی آئس ہاکی ٹیم کے اگلے سال ورلڈ چیمپئن شپ میں واپسی کی راہ ہموار کی تھی۔

انٹرنیشنل آئس ہاکی فیڈریشن (IIHF) نے فروری 2022 میں یوکرین پر روسی حملے کے بعد روس کو مقابلوں سے باہر کردیا تھا اور وہ CAS کے فیصلے کی مخالفت کرچکی ہے۔

فن لینڈ، ڈنمارک، ناروے، سویڈن اور جمہوریہ چیک سمیت متعدد ممالک جرمنی میں ہونے والی آئندہ ورلڈ چیمپئن شپ میں روس کے خلاف کھیلنے سے انکار کرچکے ہیں۔

کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے بھی گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ روس کو البرٹا میں ہونے والی آئندہ ورلڈ جونیئر ہاکی چیمپئن شپ میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ فن لینڈ کے شہر ترکُو نے بھی اعلان کیا ہے کہ اگر روس نے 2027-28 کے ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تو وہ میزبانی سے دستبردار ہوجائے گا۔

دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے گزشتہ ہفتے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اور CAS کے فیصلوں کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ادارے اولمپک چارٹر اور اس کے اصولوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے روس کی کھیلوں میں واپسی کی مخالفت کرنے والے ممالک پر تنقید بھی کی۔

Share

Leave a comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *