Home Table Tennis پانچواں پشاور اوپن ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ اختتام پذیر، فہد، زونیرہ، ریحان اور امجد چیمپئن بن گئے
Table Tennis

پانچواں پشاور اوپن ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ اختتام پذیر، فہد، زونیرہ، ریحان اور امجد چیمپئن بن گئے

Share
Share

پشاور، 16 جولائی 2026

حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں غنی گلاس اور کمپلیکس انتظامیہ کے تعاون سے منعقد ہونے والا پانچواں پشاور اوپن ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ شاندار مقابلوں کے بعد اختتام پذیر ہوگیا۔ ایونٹ کی مختلف کیٹیگریز میں کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے چیمپئن ٹرافیاں اپنے نام کیں۔

مردوں کی اوپن کیٹیگری کے فائنل میں فہد نے اریب کو شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا، جبکہ خواتین کے فائنل میں زونیرہ عمیر نے نووال کو ہرا کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

بوائز کیٹیگری میں ریحان نے عاصم کو شکست دی، جبکہ ویٹرن کیٹیگری کے فائنل میں امجد نے سخت مقابلے کے بعد ملک اسد کو زیر کرکے ٹرافی اپنے نام کرلی۔

فاتح کھلاڑیوں کے لیے نقد انعامات کا اعلان

ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وین گروپ آف کمپنیز کے قاضی ہارون الرشید تھے۔ تقریب میں صوبائی محکمہ کھیل کے چیف کوچ شفقت اللہ، پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر کفایت اللہ، حیات آباد ٹیبل ٹینس اکیڈمی کے کوچ محمد ابراہیم اور حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس کے ایڈمنسٹریٹر عابد آفریدی سمیت کھیلوں سے وابستہ شخصیات، آفیشلز اور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

قاضی ہارون الرشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیل نوجوان نسل کی جسمانی اور ذہنی نشوونما میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ کھیل صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھنے کے ساتھ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرکے انہیں مثبت سمت فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ٹورنامنٹ کی مختلف کیٹیگریز کے فاتح کھلاڑیوں کے لیے فی کس 10 ہزار روپے نقد انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔

گراس روٹس سطح پر ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی پر زور

چیف کوچ شفقت اللہ اور پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر کفایت اللہ نے ٹورنامنٹ کے آرگنائزر اور کوچ محمد ابراہیم کی کاوشوں کو سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے معیاری مقابلے گراس روٹس سطح پر نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرسکیں۔

تقریب کے اختتام پر مہمانان خصوصی نے فاتح اور رنر اپ کھلاڑیوں میں ٹرافیاں جبکہ مہمانوں میں خصوصی شیلڈز تقسیم کیں۔ نقد انعامات کے اعلان کو بھی شرکاء نے سراہا۔

Share

Leave a comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *