پشاور، 30 ستمبر 2026
سری لنکا میں منعقدہ ساؤتھ ایشیا فل کنٹیکٹ شن کیوکوشن کراٹے چیمپئن شپ میں گولڈ اور سلور میڈلز جیتنے والے خیبر پختونخوا کے نوجوان کھلاڑی شمس العارفین کے اعزاز میں پشاور میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جہاں ان کی بین الاقوامی سطح پر شاندار کارکردگی کو سراہا گیا۔
تقریب کے دوران ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا اشفاق احمد خان نے شمس العارفین کو خصوصی ٹرافی پیش کی اور دو بین الاقوامی تمغے جیتنے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر فل کنٹیکٹ کراٹے ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر صاحبزادہ الہادی اور صوبائی وائس چیئرمین ملک جی بھی موجود تھے۔
انفرادی کاتا میں گولڈ، کمیٹے میں سلور میڈل
شمس العارفین نے سری لنکا میں ہونے والی چیمپئن شپ کے دوران انفرادی کاتا کے مقابلے میں گولڈ میڈل جبکہ کمیٹے میں سلور میڈل حاصل کیا۔
ڈی جی سپورٹس اشفاق احمد خان نے نوجوان کھلاڑی کی محنت، صلاحیت اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ شمس العارفین نے بین الاقوامی مقابلے میں نمایاں کامیابی حاصل کرکے پاکستان اور خیبر پختونخوا کا نام روشن کیا ہے۔
انہوں نے مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے شمس العارفین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
Leave a comment