پاکستانی فاسٹ بولر 2027 اور 2028 کے وائٹیلٹی بلاسٹ سیزنز میں انگلش کلب کی نمائندگی کریں گے
پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر حسن علی نے انگلش کاؤنٹی کرکٹ کلب یارکشائر کے ساتھ دو سالہ معاہدے میں توسیع کر لی ہے، جس کے تحت وہ 2027 اور 2028 کے وائٹیلٹی بلاسٹ سیزنز میں بھی کلب کی نمائندگی کریں گے۔
یارکشائر نے 2026 کے سیزن میں حسن علی کی شاندار کارکردگی کے بعد معاہدے کی تصدیق کی۔ پاکستانی پیسر رواں سال وائٹیلٹی بلاسٹ کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر رہے۔
32 سالہ حسن علی نے 12 میچز میں 13.07 کی اوسط سے 27 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ان کی بہترین بولنگ 18 رنز کے عوض 4 وکٹیں رہی۔ ان کی کارکردگی کی بدولت یارکشائر نے ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی، جبکہ حسن علی کو کلب کا 2026 کا بہترین سائننگ ایوارڈ بھی دیا گیا۔
پی سی بی نے این او سی جاری کر دیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حسن علی کو یکم مئی سے 31 جولائی 2027 تک یارکشائر کی نمائندگی کے لیے این او سی بھی جاری کر دیا ہے۔ توقع ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 12 میں اپنی ذمہ داریاں مکمل کرنے کے بعد انگلش کلب کو جوائن کریں گے۔
حسن علی نے ابتدائی طور پر اپریل 2026 میں یارکشائر میں شمولیت اختیار کی تھی، جہاں انہیں انجری کا شکار افغان فاسٹ بولر نوین الحق کے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ ان کا ابتدائی معاہدہ وائٹیلٹی بلاسٹ کے ساتھ کاؤنٹی چیمپئن شپ میں واروکشائر اور لیسٹرشائر کے خلاف میچز کے لیے دستیابی پر بھی مشتمل تھا۔
انہوں نے ڈربی شائر فالکنز کے خلاف اپنے یارکشائر ڈیبیو میں ہی نمایاں کارکردگی دکھائی۔ حسن علی نے صرف 13 گیندوں پر ناقابلِ شکست 31 رنز بنائے، جس میں تین چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔ انہوں نے اے جے ٹائی کے ساتھ نویں وکٹ کے لیے 56 رنز کی شراکت قائم کی، جس کی بدولت یارکشائر نے دو وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
حسن علی اور یارکشائر انتظامیہ معاہدے پر خوش
معاہدے میں توسیع پر حسن علی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہیڈنگلے واپسی کے منتظر ہیں۔ ان کے مطابق ٹی20 ٹورنامنٹ سے مایوس کن انداز میں باہر ہونے کے باوجود انہوں نے ٹیم کے ساتھ وقت کو بھرپور انجوائے کیا۔
یارکشائر کے جنرل منیجر آف کرکٹ گیون ہیملٹن نے بھی معاہدے کی توسیع کا خیرمقدم کیا اور ٹیم کی ترقی میں حسن علی کے کردار اور اسکواڈ میں ان کے تجربے کو سراہا۔
حسن علی اس سے قبل لنکاشائر اور واروکشائر کی بھی نمائندگی کر چکے ہیں۔ واروکشائر کے ساتھ وائٹیلٹی بلاسٹ کے تین ادوار میں انہوں نے 14.93 کی اوسط سے 44 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستانی فاسٹ بولر اب تک قومی ٹیم کی جانب سے 57 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے 23 کی اوسط سے 72 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
Leave a comment