وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جہلم جمنازیم اور اسپورٹس کمپلیکس کے بحالی منصوبے کا افتتاح کر دیا، منصوبہ 1.195 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جہلم میں جمنازیم اور اسپورٹس کمپلیکس کے بحالی منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے، جس پر مجموعی طور پر 1 ارب 19 کروڑ 50 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔
اس موقع پر اسپورٹس کمپلیکس پہنچنے پر کھلاڑیوں نے وزیراعلیٰ کا پرتپاک استقبال کیا۔ ہاتھوں میں پوسٹرز اٹھائے نوجوان کھلاڑیوں نے ان کا خیرمقدم کیا، جبکہ مریم نواز نے بھی ان سے خوشگوار انداز میں ملاقات کی اور بچیوں کے ساتھ ہائی فائیو کیا۔
بیڈمنٹن اور شطرنج کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی
دورے کے دوران مریم نواز نے ایک خاتون کھلاڑی کے ساتھ بیڈمنٹن بھی کھیلی اور شطرنج کھیلنے والی کھلاڑی کی حوصلہ افزائی کے لیے تالیاں بجائیں۔
انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں، آٹوگراف دیے اور ان سے گفتگو کی۔ اس موقع پر ایک کم عمر کھلاڑی نے انہیں کڑھائی والا دوپٹہ پیش کیا اور ان کے سر پر تاج بھی رکھا۔
وزیراعلیٰ نے ایک خصوصی کھلاڑی سے اشاروں کی زبان میں گفتگو کرتے ہوئے اس کی خیریت بھی دریافت کی۔
جہلم میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح
اسپورٹس کمپلیکس کا بحالی منصوبہ وزیراعلیٰ کے دورۂ جہلم کے دوران شروع کیے گئے دیگر ترقیاتی اقدامات کا حصہ ہے۔ اس دورے میں انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال جہلم میں کارڈیک کیتھ لیب کا افتتاح کیا اور اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت تعمیر کیے گئے ایک گھر کا بھی دورہ کیا۔
حکام کے مطابق جہلم جمنازیم اور اسپورٹس کمپلیکس کی بحالی کا منصوبہ 1.195 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ اس منصوبے کا مقصد شہر میں کھیلوں کی سہولیات کو بہتر بنانا اور کھلاڑیوں کو بہتر ماحول فراہم کرنا ہے۔
Leave a comment