پاکستانی نوجوان فٹبالرز نے ابتدائی گول کے بعد بھرپور مزاحمت کی، تاہم 89ویں منٹ میں گول لائن سے متعلق ریفری کے فیصلے پر تنازع کھڑا ہوگیا۔
پاکستان انڈر 17 فٹبال ٹیم کو 2027 اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ کوالیفائرز کے گروپ ڈی کے مقابلے میں ایران کے خلاف 1-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لاؤس نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم نے بھرپور مقابلہ کیا، تاہم آخری لمحات میں گول لائن سے متعلق متنازع فیصلے کے باعث برابری حاصل نہ کر سکی۔
ایران کی جانب سے امیر محمد زارعی نے نویں منٹ میں پاکستان کے دائیں جانب سے ہونے والے حملے کو گول میں تبدیل کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔
ابتدائی گول کے بعد محمد حبیب کی زیرِ قیادت پاکستانی ٹیم نے اچھا ردعمل دیا اور مقابلہ برابر کرنے کے لیے متعدد حملے کیے۔ حسنین علی کی بائیں جانب سے عمدہ انفرادی کوشش کے بعد کارنر پر ندیم حسین نے ہیڈر کے ذریعے گول کرنے کی کوشش کی، تاہم گیند براہِ راست ایرانی گول کیپر کے ہاتھوں میں چلی گئی۔
محمد عیسیٰ نے اپنی رفتار اور دائیں جانب سے حملوں کے ذریعے ایرانی دفاع کے لیے مشکلات پیدا کیں، جبکہ حسنین علی بھی بائیں جانب سے مسلسل خطرناک مووز بناتے رہے۔
پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں پاکستانی گول کیپر ثمر رزاق نے شاندار سیو کرکے ایران کی برتری مزید بڑھنے سے روک دی۔
دوسرے ہاف میں پاکستان کے مسلسل حملے
دوسرے ہاف میں پاکستان نے زیادہ جارحانہ انداز اپنایا اور برابر کا گول کرنے کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھیں۔
حضرت عباس کو گول کرنے کا بہترین موقع ملا، تاہم وہ ایرانی گول کیپر کے خلاف ون آن ون موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔
مقابلے کے آخری لمحات میں پاکستان نے حملے مزید تیز کیے اور حارث خان کو بھی میدان میں اتارا تاکہ ٹیم کی اٹیکنگ صلاحیت کو مضبوط بنایا جا سکے۔
89ویں منٹ میں متنازع فیصلہ
میچ کا سب سے اہم اور متنازع لمحہ 89ویں منٹ میں سامنے آیا، جب پاکستانی کھلاڑیوں کا خیال تھا کہ گیند گول لائن عبور کر چکی ہے، تاہم ریفری نے گول تسلیم نہیں کیا۔
اس فیصلے کے بعد پاکستانی ٹیم کو شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ گرین شرٹس نے آخری وقت تک کوشش جاری رکھی، لیکن مقابلہ برابر کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے اور انہیں 1-0 کی شکست قبول کرنا پڑی۔
پاکستان کا اگلا مقابلہ میزبان لاؤس سے
پاکستان نے کوالیفائنگ مہم کا آغاز سری لنکا کے خلاف 3-1 کی کامیابی سے کیا تھا، تاہم ایران کے خلاف شکست کے بعد قومی ٹیم اب اپنے تیسرے گروپ میچ میں ہفتے کو میزبان لاؤس کا سامنا کرے گی۔
پاکستانی ٹیم کی کوشش ہوگی کہ اگلے مقابلے میں کامیابی حاصل کرکے کوالیفکیشن کی امیدیں برقرار رکھے۔
Leave a comment