نوجوان تیراک نے انڈر 10 کیٹیگری میں 50 میٹر بیک اسٹروک اور دو ریلے مقابلوں میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔
پنجاب سے تعلق رکھنے والے 10 سالہ تیراک مصطفیٰ شہریار رانا نے نیشنل ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین چاندی کے تمغے اپنے نام کرلیے۔
کراچی کے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں 13 سے 15 نومبر تک منعقد ہونے والی اس چیمپئن شپ میں ملک بھر سے نوجوان تیراکوں نے شرکت کی۔
انڈر 10 کیٹیگری میں حصہ لینے والے مصطفیٰ نے انفرادی مقابلے 50 میٹر بیک اسٹروک میں سلور میڈل حاصل کیا۔ اس کے علاوہ وہ 4×100 میٹر فری اسٹائل ریلے میں بھی چاندی کا تمغہ جیتنے والی پنجاب کی ٹیم کا حصہ تھے، جس میں عبدالرؤف، عمر حسن اور زین رزاق بھی شامل تھے۔
مصطفیٰ نے 4×50 میٹر میڈلے ریلے میں بھی سلور میڈل حاصل کیا۔ اس ٹیم میں عمر حسن، زین رزاق اور عبدالرؤف بھی شامل تھے۔
اس سے پہلے بھی نمایاں کارکردگی
مصطفیٰ کی یہ کامیابی کم عمری میں ان کی محنت، نظم و ضبط اور کھیل سے لگن کا نتیجہ ہے۔ اس سے قبل انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب ایج گروپ انٹر اسکول سوئمنگ چیمپئن شپ میں بھی نمایاں کارکردگی دکھائی تھی، جہاں انہیں انڈر 10 کیٹیگری کا تیز ترین تیراک قرار دیا گیا تھا۔
تین مختلف مقابلوں میں تین تمغے جیت کر مصطفیٰ شہریار رانا نے پنجاب کے ابھرتے ہوئے نوجوان تیراکوں میں اپنی جگہ مزید مستحکم کرلی ہے۔
Leave a comment