اورکزئی، 26 اکتوبر 2026
ڈپٹی کمشنر اورکزئی کی ہدایات پر محکمہ کھیل اور جیل انتظامیہ کے اشتراک سے سب جیل اورکزئی میں تین روزہ سپورٹس گالا منعقد کیا گیا، جس میں قیدیوں نے مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
سپورٹس گالا کا انعقاد جیل سپرنٹنڈنٹ ابرار داوڑ اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اعوان حسین کی نگرانی میں کیا گیا۔ اس دوران قیدیوں کے درمیان والی بال، بیڈمنٹن، تیر اندازی، تاش اور دیگر انڈور کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے۔
کھیلوں کے ذریعے مثبت سرگرمیوں کا فروغ
جیل سپرنٹنڈنٹ ابرار داوڑ نے کہا کہ سپورٹس گالا کے انعقاد کا مقصد قیدیوں کو ذہنی دباؤ سے نجات دلانے کے ساتھ ان میں نظم و ضبط، برداشت اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔
ان کے مطابق کھیلوں کی سرگرمیاں قیدیوں کی جسمانی اور ذہنی صحت بہتر بنانے اور ان کی اصلاح میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اعوان حسین نے کہا کہ ایسی سرگرمیوں سے قیدیوں میں کھیلوں کا شوق پیدا کرنے اور جیل کے اندر صحت مند ماحول کو فروغ دینے میں مدد ملتی ہے۔
نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں ٹرافیاں تقسیم
تین روزہ سپورٹس گالا کے اختتام پر مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے قیدیوں میں ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔
منتظمین کے مطابق اس اقدام کا مقصد جیلوں کو محض قید کی جگہ کے بجائے اصلاح، مثبت سرگرمیوں اور سماجی تبدیلی کے مراکز کے طور پر فروغ دینا ہے۔
Leave a comment