لاہور: 2 نومبر 2026
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے ٹرائی سیریز کے فائنل میں سلو اوور ریٹ پر پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ پاکستان نے یہ فائنل تین وکٹوں سے جیت کر ٹرائی سیریز کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
آئی سی سی کے مطابق میچ ریفری جیف کرو نے مقررہ وقت میں ایک اوور کم کرانے پر پاکستانی ٹیم کو قصوروار قرار دیا۔ وقت میں دی گئی رعایتوں کو شمار کرنے کے بعد بھی پاکستان ایک اوور پیچھے تھا۔
قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے خلاف ورزی تسلیم کرتے ہوئے مجوزہ سزا قبول کر لی۔ یہ جرمانہ آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کے آرٹیکل 2.22 کے تحت عائد کیا گیا، جس کے مطابق مقررہ وقت میں ہر اوور کم ہونے پر کھلاڑیوں کی میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔
پاکستان کے خلاف یہ چارج آن فیلڈ امپائرز احسن رضا اور وین نائٹس، تھرڈ امپائر شرف الدولہ ابن شاہد اور فورتھ امپائر راشد ریاض نے عائد کیا تھا۔
فخر زمان کی شاندار سنچری، پاکستان کی تاریخی فتح
ٹرائی سیریز کے فائنل میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے، جس کے جواب میں پاکستان نے فخر زمان کی شاندار سنچری کی بدولت 326 رنز کا ہدف تین وکٹیں اور نو گیندیں باقی رہتے حاصل کر لیا۔
فخر زمان نے 99 گیندوں پر 127 رنز کی فیصلہ کن اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے اور چھ چھکے شامل تھے۔ یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی 12ویں سنچری تھی۔ ان کی اننگز نے ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان کو سنبھالا اور ٹیم کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
Leave a comment