آنکھ کے قریب نصب سنہری رنگ کا چھوٹا آلہ توجہ کا مرکز بن گیا، یہ ڈیوائس جسمانی دباؤ، خون کی گردش اور ریکوری سے متعلق معلومات فراہم کرتی ہے۔
آکلینڈ: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان شبمن گل نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل کے دوران ایک منفرد ڈیوائس پہنے نظر آئے، جس نے شائقین اور کرکٹ حلقوں کی توجہ حاصل کر لی۔
آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلے گئے میچ سے قبل بھارتی ٹیم کے ٹریننگ سیشنز میں بھی گل کو آنکھ کے قریب پیشانی کی جانب نصب سنہری رنگ کا چھوٹا آلہ پہنے دیکھا گیا تھا۔ انہوں نے میچ کے دوران بیٹنگ کرتے وقت بھی اسے استعمال کیا، جس پر نیوزی لینڈ کے کرکٹر کائل جیمیسن نے بھی ان سے اس ڈیوائس کے بارے میں دریافت کیا۔
کیا ہے یہ پراسرار ڈیوائس؟
اس آلے کا نام Temple ہے، جو بھارتی فوڈ ڈیلیوری کمپنی زومیٹو کے شریک بانی دیپیندر گوئل کی تیار کردہ ہیلتھ اور فٹنس ویئرایبل ڈیوائس ہے۔
روایتی اسمارٹ واچز اور فٹنس ٹریکرز کے برعکس اسے کلائی کے بجائے پیشانی کے ایک جانب لگایا جاتا ہے۔ اس کا مقصد دماغ کے قریب خون کی گردش میں ہونے والی تبدیلیوں کی نگرانی کرنا ہے۔
یہ ڈیوائس جسمانی سرگرمیوں کے دوران اپنی جگہ برقرار رکھنے کے لیے چپکنے والے پیچز استعمال کرتی ہے، جنہیں Grips کہا جاتا ہے۔ اس کی BrainFlow ٹیکنالوجی روشنی کے سینسرز کے ذریعے سر میں خون کی گردش سے متعلق تبدیلیوں کو مانیٹر کرتی ہے۔
جسمانی دباؤ جانچنے کا منفرد نظام
Temple میں Entropy نامی پیمائش بھی شامل ہے، جسے دیپیندر گوئل جسم کے زندہ رہنے کی حقیقی وقت میں برداشت کی جانے والی لاگت قرار دیتے ہیں۔
اس پیمائش کا مقصد جسم پر پڑنے والے جسمانی دباؤ کا اندازہ لگانا ہے۔ ورزش، نیند کی کمی، ذہنی دباؤ، کیفین کا استعمال اور مراقبہ جیسے عوامل اس کی ریڈنگ پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
کھلاڑیوں کے لیے یہ ڈیوائس جسمانی سرگرمیوں کے دوران جسم کے ردعمل اور بعد ازاں ریکوری کے عمل کو سمجھنے میں مدد فراہم کر سکتی ہے۔
پی وی سندھو بھی استعمال کر چکی ہیں
شبمن گل نے تاحال عوامی سطح پر یہ وضاحت نہیں کی کہ وہ Temple ڈیوائس کیوں استعمال کر رہے ہیں۔ یہ بھی واضح نہیں کہ آیا یہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے باضابطہ فٹنس مانیٹرنگ پروگرام کا حصہ ہے یا ان کا ذاتی انتخاب۔
گل پہلے بھارتی کھلاڑی نہیں ہیں جنہیں یہ ڈیوائس استعمال کرتے دیکھا گیا ہے۔ بیڈمنٹن اسٹار پی وی سندھو بھی عالمی مقابلوں، بشمول ورلڈ چیمپئن شپ، کے دوران اسے پہنے نظر آ چکی ہیں۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں سندھو نے بتایا تھا کہ یہ ڈیوائس کھلاڑیوں کو اپنی نیند اور ریکوری کے انداز سمجھنے میں مدد دیتی ہے، کیونکہ ہر کھلاڑی کی جسمانی ضروریات مختلف ہوتی ہیں۔
ان کے مطابق Temple ذہنی کارکردگی، دل کی دھڑکن، ہارٹ ریٹ ویری ایبلٹی اور غذائیت سے متعلق معلومات بھی فراہم کرتی ہے، جس سے کھلاڑی اپنی مجموعی جسمانی حالت کو بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں۔
Leave a comment