سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے ابتدائی روز پاکستان کی اچھی شروعات، طیب عارف نے 57 رنز بنائے جبکہ بابر اعظم 31 اور محمد طٰہٰ 15 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
راولپنڈی، 9 نومبر 2026: پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے افتتاحی روز لنچ تک دو وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنا لیے۔ ڈیبیو کرنے والے نوجوان بلے باز طیب عارف نے شاندار نصف سنچری اسکور کرکے قومی ٹیم کو مستحکم آغاز فراہم کیا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ گرین ٹاپ پچ پر پاکستان کی جانب سے طیب عارف اور اذان اویس نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 86 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔
20 سالہ طیب عارف نے اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 57 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ اذان اویس 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کو پہلی کامیابی 16ویں اوور میں ملی، جب ملن رتھنائیکے نے اذان اویس کو وکٹ کیپر کوسل مینڈس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ پاکستان کا اسکور 90 رنز تک پہنچا تو اسیتھا فرنینڈو نے طیب عارف کو وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔
لنچ کے وقفے پر کپتان بابر اعظم 31 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ تھے، جبکہ ایک اور ڈیبیو کرنے والے بلے باز محمد طٰہٰ 15 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ بابر اعظم نے اپنی اننگز میں چار چوکے لگائے۔
پاکستان کے چار کھلاڑیوں کا ٹیسٹ ڈیبیو
اس ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے طیب عارف، محمد طٰہٰ، آل راؤنڈر عرفات منہاس اور فاسٹ بولر ثاقب خان اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہفتے کے روز سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر عامر جمال اور تین غیر کیپڈ کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیا تھا، جس کے بعد قومی ٹیم کے اسکواڈ کی تعداد 16 ہوگئی تھی۔
طیب عارف، فاسٹ بولرز علی شبیر اور ثاقب خان کو ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی اور 4 سے 6 نومبر تک اسلام آباد کلب میں سری لنکا کے خلاف پی سی بی پیٹرنز الیون کے تین روزہ پریکٹس میچ میں متاثر کن کھیل کے بعد پہلی مرتبہ ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔
پی سی بی نے اصل 14 رکنی اسکواڈ سے علی عثمان اور عبداللہ فضل کو بھی ریلیز کر دیا تھا۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا اہم مقابلہ
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان یہ دو ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 سائیکل کا حصہ ہیں۔ موجودہ صورتحال میں پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر آخری جبکہ سری لنکا ساتویں پوزیشن پر موجود ہے۔
کوسل مینڈس کی قیادت میں سری لنکا نے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے، جس میں تجربہ کار کھلاڑی دنیش چندیمل، دھننجایا ڈی سلوا اور پرباتھ جے سوریا شامل ہیں، جبکہ پاتھم نسانکا کی شمولیت بھی زیرِ غور ہے۔
پاکستان کا اسکواڈ: بابر اعظم (کپتان)، عامر جمال، علی شبیر، عرفات منہاس، اذان اویس، محمد عباس، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، محمد سلیمان، محمد طٰہٰ، محمد طیب عارف، رضا اللہ، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، سمیر منہاس، ثاقب خان اور سعود شکیل۔
Leave a comment